• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آر کا 360ارب روپے کا ٹیکس ریونیو مقدمات میں پھنسا دیا گیا

اسلام آباد (حنیف خالد) ایف بی آر کا 360ارب روپے کا ریونیو مقدمات میں پھنسا دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ‘ ریونیو‘ اقتصادی امور‘ شماریات و نجکاری سنیٹر اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان نے سالہا سال سے پھنسے اس ٹیکس ریونیو کو وصول کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ ملک بھر میں ایف بی آر کے قانونی ماہرین کو احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ وہ عدالت عظمیٰ‘ عدالت عالیہ‘ کسٹم ٹربیونلز‘ انکم ٹیکس ٹریبونلز میں اپنے اپنے علاقے کے ٹیکس مقدمات کی جامع پیروی کر کے جاری شدہ حکم امتناعی منسوخ کرائیں اور جن ٹیکس گزاروں نے یہ مقدمات دس دس سال سے دائر کر رکھے ہیں ان سے قانون کے مطابق ٹیکس کی وصولیاں ہنگامی بنیادوں پر کرائیں۔ وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے وفاقی محصولات ہارون اختر خان‘ چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد ارشاد‘ ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز رحمت اللہ خان وزیر نے لاہور اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ کراچی خود جا کر ایف بی آر کے قانونی ماہرین‘ قانونی مشیروں‘ وکلاء سے طویل ملاقاتیں کی ہیں۔ ان سب کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ ہر ٹیکس کیس کی پراگرس رپورٹ ہر پندرہ روز بعد ایف بی آر کو بھجوانے کا سلسلہ شروع کریں تاکہ محتاط اندازے کے مطابق تین سو ساٹھ ارب روپے کا ریونیو کم سے کم وقت میں وصول کر لیا جائے۔ ایف بی آر کی تاریخ میں یہ اقدام پہلی بار اٹھایا گیا ہے۔
تازہ ترین