• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب اسمبلی اجلاس ،100میں85 دنوں کی کارروائی مکمل ، ڈھائی سے 3 ارب روپے کے اخراجات ،کورم مسئلہ بنا رہا

لاہور (مقصود اعوان) پنجاب اسمبلی کے چوتھے پارلیمانی سال کا 27واں اجلاس گزشتہ روز کورم پورا نہ ہونے پر غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی ہو گیا۔ اجلاس کے پندرہ دنوں کے دوران 11 دنوں کی کارروائی ہوئی جس کے لئے اراکین کو 21 دنوں کے ٹی اے ڈی اے اور دیگر مراعات ملیں گی۔ 11دنوں کے اجلاس میں حکومت کے لئے کورم پورا کرنا بڑا مسئلہ بنا رہا۔ اپوزیشن اراکین کے کورم کی نشاندہی کرنے پر کورم پورا نہ ہونے پر 5مرتبہ اسپیکر کو ا جلاس ملتوی کرنا پڑا جبکہ سپیکر نے دیگر 6 دنوں کی کارروائی اکثر کورم کے بغیر ہی چلا ئی۔ سپیکر ا ور اپوزیشن کے درمیان تلخ جملوں کے تبادلے کے بعد اپوز یشن نے اسمبلی کی سیڑھیوں پر بھی کارروائی چلائی تاہم سپیکر رانا محمد اقبال خاں اور قائد حزب اختلاف کے درمیان مفاہمت کے بعد اپوزیشن اجلاس کا بائیکاٹ ختم کرکے ایوان میں واپس آئی مگر اپوزیشن نے اکثر کورم کا مسئلہ ایوان میں اٹھا کر کارروائی میں تعطل پیدا کرکے حکومت کو اپنی اہمیت کا احساس دلا یا گزشتہ روز بھی تین مرتبہ کورم کا مسئلہ اٹھایا گیا اور سپیکر کو کورم پورا  نہ ہونے پر اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کرنا پڑا 11 دنوں کی کارروائی کے دوران صرف 36 گھنٹے کی کارروائی میں ایوا ن میں اکثر ماحول غیر سنجیدہ رہا۔ پنجاب اسمبلی میں حکومتی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے 317 اراکین کی دو تہائی اکثریت کے باوجود کورم کی مطلوبہ تعداد 94 اراکین کو ایوان میں لانے کے لئے وزیراعلیٰ ہائوس کے افسران کو مدد کے لئے اسمبلی سیکرٹریٹ آنا پڑا۔ 33 صوبائی وزراء سمیت 120 سے زائد صوبائی مشیروں و معاونان خصوصی پارلیمانی سکیرٹریوں، اسٹینڈ نگ، استحقاق، انشورنس، پبلک اکائونٹس کمیٹیوں کے چیئرمینوں کی فوج ظفر موج کے باوجود ان کی کارروائی میں عدم دلچسپی اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ ایوان میں کورم کا مسئلہ حکومت کے لئے درد سر بنا رہا۔ پنجاب اسمبلی کے ا جلاسوں کی 100 دنوں کی کارروائی کے لئے پنجاب اسمبلی کے ایک ارب 28 کروڑ 66 لاکھ کے سالانہ بجٹ علاوہ حکومت کے صوبائی وزراء مشیروں، پارلیمانی سیکرٹریوں کی تنخواہوں کے علاوہ دفاتر، رہائش گاہوں، سرکاری عملہ اور دیگر افسران کی مراعات اور سکیورٹی انتظامات پر پونے دو  ارب سے زائد سالانہ اخراجات ہوتے ہیں اس طرح 100 دنوں کی کارروائی پر مجموعی طور پر قومی خزانے سے اڑھائی سے 3 ارب روپے کے اخراجات ہونے سے اوسطاً ایک دن کی کارروائی پر اڑھائی سے تین کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں۔ پنجاب    اسمبلی  کے چوتھے پارلیمانی سال کے 100 دنوں کی کارروائی سے 85 دنوں کی کارروائی مکمل ہو چکی ہے جبکہ 15 دنوں کی کارروائی مکمل کرنے کے لئے بجٹ اجلاس سے قبل آخری ا جلاس بلانا ہو گا گز شتہ تین اجلاسوں میں 220 سے زائد اراکین حاضر ی لگا کر کارروائی میں حصہ لئے بغیر ایوا ن سے باہر چلے گئے ۔ 
تازہ ترین