• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاجر برادری کی سفارشات سےصنعتی ترقی میں مدد ملے گی،محمد زبیر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے اور اس ضمن میں اصلاحات کیلئے وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر قائم کی گئی کمیٹی کا پہلا اجلاس پیر کوگورنر سندھ محمد زبیر کی صدارت میں گورنر ہاؤس میں منعقد ہوا۔یہ کمیٹی بزنس کمیونٹی کے ساتھ14 مارچ کو وزیر اعظم کی ملاقات کے دوران ان کی ہدایت پر قائم کی گئی ہے تاکہ اقتصادی شعبہ کے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر موثراقدامات کئے جاسکیں۔کمیٹی ٹیکس اصلاحات،بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی،کیپٹل مارکیٹ اصلاحات اور سب سے بڑھ کر ملک میں روزگار کے مواقع میں اضافے کیلئے سفارشات تیار کرے گی۔ اجلاس کے دوران کمیٹی کی جانب سے 3سب کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو ان شعبہ جات کے بارے میں وزیر اعظم کو پیش کرنے کیلئے 31مارچ تک اپنی سفارشات تیار کریں گی۔گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ کاروباری برادری معاشی اور اقتصادی ترقی کی راہ میں حائل بنیادی مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور اس کی سفارشات سے ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال اور تیز رفتار صنعتی ترقی میں مدد ملے گی۔گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان تاجر برادری کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں اس لئے ان کے مسائل حل کئے جائینگے۔کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے عارف حبیب،ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل،آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے بشیر علی محمد،پاکستان بزنس کونسل کے احسان ملک،اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے خالد منصور اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر شمیم احمد فرپو نے شرکت کی۔ دریں اثناءگورنر سندھ محمد زبیر نے گورنر ہاؤس میں کراچی انڈسٹریل فورم کے 15رکنی وفد سے ملاقات کی وفد کی سربراہی جاوید بلوانی کررہے تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ باالخصوص کراچی میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں میں اضافہ اور صنعتی فعالیت سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے ،حکومت صنعتی علاقوں میں ترقی و انفرااسٹرکچر کی بحالی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ معاشی ترقی کا پہیہ مزید تیزرفتاری سے چلے ۔ وفد میں پاکستان ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن کونسل کے چیئر مین محمد زبیر موتی والا، ایف بی ایریا ایسوسی ایشن انڈسٹری کے صدر اسد نثار، ایف بی ایریا انڈسٹری کے صدر جاوید سلیمان، سائٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن انڈسٹری کے صدر جمشید چاندی والا، لانڈھی ایسوسی ایشن کے سابق صدر زین بشیر، نارتھ کراچی ایسوسی ایشن کے سابق صدر سید عثمان علی، بن قاسم ایسوسی ایشن انڈسٹری کے نمائندہ افتخار احمد، سائٹ ایسوسی ایشن انڈسٹری کے سابق صدر سلیم پاریکھ، شیخ محمد شاہد اور جہانگیراشتیاق بھی شامل تھے۔
تازہ ترین