• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
وزیراعلیٰ شہباز شریف نے یہ نوید سنائی ہے کہ پنجاب کے 36اضلاع میں جنگی بنیادوں پر ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس بنائے جائیں گے اور ان میں دوسرے صوبوں کے بھی غریب افراد کا مفت علاج ہو گا یہ کلینک رواں سال میں مکمل ہو کر کام شروع کر دیں گے۔ لاہور میں قائم ہونے والے ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کے افتتاح اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ اینڈریسرچ سنٹر کی مرکزی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ملک کے اولین اور منفرد پاکستان کڈنی لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کا پہلا مرحلہ 25دسمبر کو مکمل ہو جائے گا اور یہاں جگر کی پیوند کاری کا پہلا آپریشن بھی ہو گا۔ ان کلینکوں میں کوئی ہڑتال نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ کے یہ اقدامات جگر معدہ اور گردے کے در در کی ٹھوکریںکھانے والے غریب مریضوں کے لئے امید کی ایک کرن ہیں۔ پاکستان بھر میں ہیپاٹائٹس انتہائی سنگین صورت اختیار کر چکا ہے۔ یہ بھی معلوم نہیں کہ کونسا شہری اپنے ساتھ یہ خاموش قاتل لئے پھر رہا ہے۔ وفاقی اور دوسری صوبائی حکومتوں کو بھی چاہیئے کہ ہر اچھے اقدام کی تقلید کریں، صحت و صفائی پر خاص توجہ دی جائے اور ان عوامل کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے جن سے معدہ جگر جیسے موذی امراض پیدا ہوتے ہیں خاص کرگنجان علاقوں میں گلیوں اور نالیوں کی صفائی اور ناقص اشیاء بیچنے کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ملک میں ہیپاٹائٹس کے امراض میں انتہائی تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے، اس کے خلاف حکومت اور ہر شہری کو اپنی ذمہ داری کا تعین کرنا ہوگا وزیراعلیٰ نے پنجاب کے 36اضلاع میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک بنانے کا جو قدم اٹھایا ہے، انہیں ان خرابیوں سے دور رکھا جائے جو سرکاری ہسپتالوں میں پیش آتی ہیں اور غریب و نادار مریضوں کو تشخیص سے لیکر علاج تک دھکے کھانے پڑتے ہیں۔ ایسے شفاخانے صرف پنجاب میں نہیں ملک بھر میں قائم ہونے چاہئیں۔

.
تازہ ترین