• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برآمدات پر ٹیکس، جرمنی نے امریکہ کے خلاف جوابی کارروائی کرنے کی دھمکی دے دی

برلن (نیوز ڈیسک) جرمن وزیر خزانہ برگیٹے سیپریس نے کہا ہے کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تحفظ پسندی پر مبنی پالیسیوں سے جرمنی کو ہدف بنانے کی کوشش کی تو برلن حکومت بھی واشنگٹن کے خلاف جوابی کارروائی کرسکتی ہے۔ ایک مقامی ریڈیو کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امریکہ نے جرمن مصنوعات پر وسیع پیمانے پر ٹیکس عائد کیا تو جرمنی ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں قانونی کارروائی کرے گا۔ یہ امر اہم ہے کہ امریکہ اور جرمنی کے مابین 50ارب ڈالر کی اضافی تجارت ایک متنازع معاملہ بنا ہوا ہے اور یہ معاملہ بھی جرمن چانسلر کے ہمراہ دورہ امریکہ پر گئے ہوئے تجارتی وفد کے اجلاسوں میں اٹھایا جاسکتا ہے۔ جرمنی کی انجینئرنگ ایسوسی ایشن کے سربراہ مارٹین ویلکر نے بھی تحفظ پسندی کو جرمن اداروں کے لئے زہریر قرار دیا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے یہ کہہ رکھا ہے کہ جرمن کار ساز ادارے پی ایم ڈبلیو کے میکسیکو میں لگائے جانے والے پلانٹ کی تیار کردہ جو موٹر گاڑیاں امریکہ لائی جائیں گی، ان پر 35فیصد بارڈر ٹیکس کا نفاذ کریں گے۔ اس ٹیکس کے حوالےسے جرمن وزیر کا کہنا ہے کہ اس پر فوری طور پر بات کرنا مشکل ہے کیوں کہ امریکی ٹیکس نظام خاصا پیچیدہ ہے۔ جرمن خاتون وزیر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب ایک طرف جرمن چانسلر امریکہ کے دورے پر ہیں تو دوسری جانب جرمنی میں جی ٹوئنٹی کے وزرائے خزانہ کا اجلاس جاری ہے۔ جی ٹوئنٹی کے اجلاس میں وزرائے خزانہ کو عالمی تجارتی معاملے پر متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنے میں مشکلات پیش آنے کی بنیادی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نعرہ ’پہلے امریکہ‘ کو قرار دیا جا رہا ہے اسی تناظر میں امریکی وزیر خزانہ سٹیون منوچن نے بھی سخت موقف اپنا رکھا ہے۔
تازہ ترین