• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کیلئے تارکین وطن کی بڑی خدمات ہیں،شکایات کا ازالہ کیا جائے گا،صدرالدین راشدی

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل)اوورسیز پاکستانیزفائونڈیشن کے چیئرمین بیرسٹرامجد ملک کی جانب سے مانچسٹر کے مقامی ہال میں وفاقی وزیراوورسیزپاکستانیز پیرصدرالدین راشدی کو عشائیہ دیا گیا۔ جس میں یاسمین قریشی ایم پی، سجاد کریم ایم ای پی، افضل خان ایم ای پی، قونصل جنرل پاکستان مانچسٹر ڈاکٹر ظہوراحمد، قونصل جنرل بریڈفورڈ حامد علی، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فزاخان نیازی، کمرشل اتاشی ظفرخان، ڈاکٹر عبدالحفیظ، سالیسٹر مقبول ملک کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرصدرالدین راشدی نے کہا کہ حکومت پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کی بھی نمائندہ حکومت ہے، انہوں نے کہا کہ میں پورے برطانیہ کا دورہ کروں گا اور ہم وطنوں کی جو بھی شکایات ہیں انہیں سن کر حل کرائوں گا، بیرسٹر امجد ملک کی تارکین وطن کے لئے بڑی خدمات ہیں اور وہ ذمہ داری سے کام کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ قونصلیٹ اور ہائی کمیشن کے ذریعےتارکین سے رابطہ رکھوں گا اور مسائل حل کرانے کی کوشش کروں گا۔ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر امجدملک نے کہا کہ پہلی بار برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمیشن اور قونصلیٹ دفاتر میں وفاقی وزیر کھلی کچہریاں لگائیں گے اور تارکین وطن کے مسائل کو سن کر ان کی شکایات کو حل کرائیں گے، انہوں نے کہا کہ تارکین وطن پاکستان کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کے جو بھی مسائل ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرایا جائے گا، صدرالدین راشدی کا برطانیہ آنا خوش آئند ہے، سجاد کریم ایم ای پی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو وطن سے دور رہ کر پاکستان کی حقیقی ترجمانی کررہے ہیں، اور وطن سے محبت، اخوت، بھائی چارے کو ترجیح دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کی زمینوں پر قبضہ اور وطن عزیز میں درپیش دیگر مسائل حل کرانا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ افضل خان ایم ای پی اور یاسمین قریشی ایم پی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم وفاقی وزیرصدرالدین راشدی کو برطانیہ آمد پرخوش آمدید کہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ تارکین وطن کی شکایات کا ازالہ کریں گے۔ قونصل جنرل مانچسٹر ڈاکٹر ظہور احمد نے تمام مہمانوں کی عشائیہ میں آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تارکین کے مسائل سے وفاقی وزیرصدر الدین راشدی کو آگاہ کیا جائے گا اور تارکین کے تمام مسائل کے حل کیلئے کام کیا جائے گا تاکہ تارکین کو یقین ہوجائے کہ حکومت پاکستان ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
تازہ ترین