• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امیگرنٹس کو برطانیہ کی اقتصادی مشکلات کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جانا چاہیے، کوربن

لندن (پی اے) لیبر رہنما جرمی کوربن نے کہا ہے کہ امیگرنٹس کو برطانیہ کی اقتصادی مشکلات کا ذمہ دار نہیں ٹھہرانا چاہیے اور بریگزٹ کی صورت میں انہیں لازمی طور پر ملک میں رہنا چاہیے۔ برمنگھم سٹی کونسل کے ایوان پر سامعین سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کوربن نے کہا کہ یورپین یونین سے علیحدگی کے ووٹ کے بعد برطانیہ کی ڈائیورسٹی کو تحفظ دینا ’’انتہائی اہم‘‘ ہے۔ ری میڈ ٹرسٹ کے زیراہتمام ایک ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کوربن نے کہا کہ یورپین قوموں کے لیے برطانیہ میں قیام کا پیغام واضح اور تیز آواز میں جانا چاہیے۔ بریگزٹ پر فیصلے کے تناظر میں یہ انتہائی اہم ہے کہ یہ پیغام جائے کہ ہم اپنی ڈائیورس سوسائٹی کی قدر کرتے، اس کا جشن مناتے اور اس کا تحفظ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں تین ملین یورپین شہری شامل ہیں جو یہاں رہتے اور کام کرتے ہیں، جنہوں نے یہاں اپنی زندگیاں، فیملی اور فرینڈز بنائے اور لاکھوں کی تعداد میں ہم سے منسلک ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ وہ اس ملک میں ٹھہریں۔ لیبر رہنما نے کنزرویٹوز پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ اکثریت بالخصوص ایشیائیوں اور سیاہ فام کمیونٹیز کی قیمت پر اعلیٰ طبقہ کے حق میں ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس امر کا دفاع کیا جاسکتا ہے کہ اگر آپ سیاہ فام یا ایشیائی ہیں تو آپ سفید فام کی بنسبت زیادہ غربت میں زندگی گزار رہے ہیں۔
تازہ ترین