• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بااختیار خواتین پورے معاشرے کی تربیت کرسکتی ہیں، مقررین

برمنگھم (ابرار مغل) خواتین اپنے کردار سے معاشرے کی فلاح و بہبود کے لئے سرگرم ہیں۔ برطانیہ میں پاکستانی ثقافت اور کلچر کو یہاں کی نوجوان نسل سے متعارف کرانے اور مختلف روایات اور تہواروں کو زندہ رکھنے کے لئے پاکستانی خواتین ہراول دستے کا کردار ادا کررہی ہیں۔ بااختیار خواتین نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے معاشرے کی تربیت و اصلاح احسن انداز میں کرسکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار خواتین نے ایسوسی ایشن آف لیڈیز آف پاکستانی ہیریٹیج کے زیراہتمام خواتین کے حقوق کے عنوان سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے شہلا خان فضیلہ اسحق، نصرت بٹ، طاہرہ رفیق، گل رعنا، اعظمیٰ خان اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن نے اگلے ہفتے افتتاحی پروگرام سمیت ماں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شہلا خان نے کہا کہ خواتین معاشرے میں اپنا رول ادا کرنے کے ساتھ مختلف میدانوں میں اپنی قابلیت کے جوہر دکھائیں۔ اس سلسلے میں تمام مکاتب فکر خواتین کی حوصلہ افزائی کریں۔ دیگر خواتین نے کہا کہ بہترین خاتون ہی ایک نسل کی صحیح تربیت اور رہنمائی کرسکتی ہے۔ اس لئے معاشرے کے اہم ستونوں کو خواتین کے حقوق کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین بے شمار مسائل اور چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے باوجوداپنا کردار ادا کررہی ہیں۔
تازہ ترین