• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مزارات نہ کھولے تو سندھ بھر میں نہ ختم ہونیوالا دھرنا ہوگا،ثروت قادری

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر ) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک سے فرار گستاخ بلاگرز کو گرفتار کرکے سزا نہ دی گئی تو دیگر جماعتوں کے ساتھ ملکر ملک گیر احتجاج کریگی، مزارات کو نہ کھولا گیا تو کراچی سمیت سندھ بھر میں نہ ختم ہونے والا دھرنا دینگے، حالیہ دہشت گردی کی لہر نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل نہ ہونے کا شاخسانہ ہے، دہشت گردی کے خلاف سیاسی و عسکری قیادتوں کے ساتھ ہیں حکومت اپنی نیت ٹھیک کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پاکستان سنی تحریک کے تحت آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، آل پارٹیز کانفرنس میں مسلم لیگ (ق) کے رہنما طارق حسن، پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے بشارت مرزا، سلم لیگ (ن) کے محمد اسد عثمانی، پی ایس پی کے سید آصف حسنین، جذبہ ویلفیئر کے پیر سید مظفر شاہ، جمعیت علماء پاکستان کے محمد غوث صابری، جماعت اہلسنت کے صوفی محمد حسین لاکھانی، سنی علماء کونسل کے علامہ اشرف گورمانی،کراچی ڈسٹرکٹ بار کے صدر نعیم قریشی، پاکستان فلاح پارٹی کے سید احمد علی رضوی، عبدالمجید سلطانی،تنظیم الاخوان پاکستان لئیق احمد خان، قوت اسلام پاکستان کے محمد ذیشان مصطفائی، جمعیت علماء پاکستان کے عبدالحلیم غوری،جماعت اہلسنت کے محمد ناصر خان قادری،پی پی پی کے گل حسن ایڈووکیٹ، تحریک صراط مستقیم کے علامہ غلام مرتضیٰ نورانی،تحریک عوام اہلسنت کے عاطف حنیف بلو،پی ایس ٹی علماء بورڈ کے ظہور احمد قادری، علامہ طارق شہزاد المدنی ویلکم ویلفیئر ٹرسٹ علامہ قاسم جلالی، جامعہ اسلامیہ مدینہ العلوم محمد وسیم عطاری، انجمن نوجوانان اسلام محمد وسیم عطاری و دیگر نے شرکت کی، آل پارٹیز کانفرنس کے جاری مشترکہ اعلامیہ کہا گیا ہے کہ مزارات کی بندش سے حکومت سندھ کے بلند بانگ دعوئوں کی قلعی کھل گئی ہے سکیورٹی کو بنیاد بناکر کراچی میں100 سے زائد مزارات کو بند کرنا حکومت کی نااہلی عوام اہلسنت پر ظلم ہے، آج بھی کراچی سمیت سندھ بھر کے مزارات کی غیرقانونی و غیرآئینی بندش سے لاکھوں زائرین پریشانی کا شکار ہیں،سندھ کی نااہل حکومت سانحہ سیہون شریف کے بعد آج تک مزارات اور زائرین کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہے ہم نے اس مشکل وقت میں حکومت کو رضاکارانہ پیشکش کی کہ سنی تحریک کے ہزاروں رضاکار مزارات کی حفاظت کیلئے تیار ہیں ، ہمارا مطالبہ ہے کہ مزارات اولیاء کو فوری طور پر کھولا جائے ورنہ سنی تحریک تمام جماعتوں کے ساتھ دھرنے کا اعلان کریگی۔
تازہ ترین