• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیمرا کارروائی،جسٹس شوکت صدیقی کیخلاف زیرالتوا ریفرنس زیرِ بحث لانے پر نجی چینل کے پروگرام پرتین روز کیلئے پابندی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی چینل کے پروگرام  میں سپریم جوڈیشل کونسل کے احکامات کے برعکس اسلام آباد ہائیکورٹ کے فاضل جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف زیرالتوا ریفرنس کو زیرِ بحث لانے پر مذکورہ پروگرام پر تین روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ پیمرا آرڈیننس 2002(ترمیمی ایکٹ 2007؁ٗ)کی دفعہ 27کے تحت لگائی گئی یہ پابندی بدھ ،22مارچ 2017؁ء رات 11بجے تا جمعہ ،24مارچ 2017رات 12بجے تک نافذالعمل رہے      گی ۔ 9مارچ 2017 ؁؁ء کو تین  اینکر پرسنز  نے سپریم جوڈیشیل کونسل کے روبرو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف دائر ریفرنس پر بات کی تھی۔ مذکورہ اینکر پرسنز کا یہ عمل پیمرا آرڈی ننس 2002(ترمیمی ایکٹ 2007) کی متعدد دفعات، الیکٹرانک میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ 2015اور سپریم جوڈیشیل کونسل کے 21نومبر 2015؁؁ء کے احکامات کی صریحاً خلاف ورزی تھی ۔اتھارٹی نے مذکورہ خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے 10مارچ 2017؁؁ء کو ایک اظہار وجوہ کے نوٹس کے ذریعے ڈان ٹی وی چینل کو 17مارچ 2017؁؁ء تک پیمرا کمیٹی کے روبرو اپنا موقف واضح کرنے کا حکم دیا ۔ مقررہ تاریخ کو ٹی وی چینل کے نمائندگان پیمرا کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے اور پروگرام  میں عدلیہ کے خلاف کسی قسم کا بیان دینے یا اس کی توہین سے سراسر انکار کیا۔ تاہم ان کے تحریری جواب کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی اس نتیجہ پر پہنچی کی کہ مذکورہ پروگرام میں پیمرا قوانین اور سپریم جوڈیشیل کونسل کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ تین روزہ پابندی کے علاوہ نجی چینل  کو یہ ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں کہ وہ(تاخیری طریق کار) ’Time delay mechanism‘ کو بھی موثر طور پر نافذ کرے اور ایک ادارتی کمیٹی کے ذریعے پروگراموں میں پیش کئے جانے والے مواد کا باقاعدگی سے جائزہ لے۔ پیمرا احکام کی خلاف ورزی پر چینل کے خلاف پیمرا آرڈی ننس 2002(ترمیمی ایکٹ 2007) کی دفعہ 30کے تحت جو کہ لائسنس کی معطلی سے متعلق ہے کاروائی کی جائیگی۔ 
تازہ ترین