• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان سرحد فوراًکھول دیں، نواز شریف، بندش عوامی اور معاشی مفادات کے منافی ہے، خیر سگالی کے تحت فیصلہ کیا

اسلام آباد(نمائندہ جنگ/اے پی پی) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے افغان سرحد کو فوری طور پر کھولنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ باوجود اس امر کہ حالیہ دنوں میں پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے تانے بانے افغان سر زمین پر موجود پاکستان دشمن عناصر سے جا ملتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان صدیوں کے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رابطے اور تعلق کے پیش نظر، سرحدوں کا زیادہ دیر تک بند رہنا عوامی اور معاشی مفادات کے منافی ہے چنانچہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ خیرسگالی کے جذبے کے تحت یہ سرحدیں فوری کھول دی جائیں۔ انہوں نے کہا ہم امید کرتے ہیں کہ جن وجوہات کی بنا پر بارڈر بند کرنے کا قدم اٹھایا گیا تھا،اس کے تدارک کے لیے افغانستان حکومت تمام ضروری اقدامات کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا  کہ ہم نے بارہااس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان میں امن و سلامتی کے لیے افغانستان میں دیرپا امن ناگزیر ہے اور ہم دونوں ممالک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے افغان حکومت سے تعاون کی پالیسیوں پر عملدرامد جاری رکھیں گے۔ 
تازہ ترین