• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ،خواجہ آصف کیخلاف تحریک انصاف کی نظرثانی درخواست بھی مسترد

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کیخلاف تحریک انصاف کے امیدوار کی نظر ثانی درخواست بھی مسترد کردی۔ جبکہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہر جگہ سے جیت کر بیٹنگ کررہا ہوں، عمران ریلو کٹے اور پھٹیچر بالر بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق عدالت عظمیٰ نے وفاقی وزیر دفاع، خواجہ محمد آصف کے انتخابی حلقہ این اے 110 سیالکوٹ میں عام انتخابات 2013ء میں مبینہ انتخابی دھاندلی کے الزامات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف وزیر دفاع کے مدمقابل پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار کی جانب سے دائر کی گئی نظرثانی کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے سوموار کو عثمان ڈار کی نظرثانی کی درخواست کی سماعت کی تو فاضل عدالت نے خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن برقرار رکھتے ہوئے عثمان ڈارکی نظرثانی اپیل خارج کردی۔ درخواست گزار عثمان ڈار کے وکیل نے مقدمہ کے تکنیکی و قانونی نکات پر دلائل دیئے تو فاضل چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالت اپنے ایک سابق فیصلہ میں تکنیکی وجوہات اور قانون میں فرق واضح کرچکی ہے لیکن ہم ابھی تک اسی رومانس میں پھنسے ہوئے ہیں۔ الیکشن ٹربیونل نے آپ کو مکمل موقع فراہم کیا تھا لیکن آپ پیش ہی نہیں ہوئے حالانکہ وہاں پیش ہونا اور جرح ہونا ضروری تھا۔ سپریم کورٹ نے درست فیصلہ کیا تھا،فیصلہ پر نظرثانی کے لیے ٹھوس مواد پیش نہیں کیا گیا ہے۔ دس گواہ پیش کرنے سے الیکشن کالعدم نہیں ہوسکتا ہے۔ گواہان بھی وہ لوگ ہوتے ہیں جو یا تو ووٹر ہوتے ہیں یا سپورٹر، اس لئے انہیں غیرجانبدار گواہ قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران بطور بولر ریلو کٹے ہیں ان کی بولنگ پھٹیچر ہوگئی، عمران خان کہتے تھے میری وکٹ اڑنے والی ہے اللہ کا فضل ہے میں اب بھی بیٹنگ کررہا ہوں،پی ٹی آئی والے الیکشن ہارے، ٹریبونل، اپیل، نظرثانی درخواست میں بھی ہار گئے۔
تازہ ترین