• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت آبی مذاکرات کا پہلا دور، فریقین اپنے اپنے مؤقف پر قائم

اسلام آباد (این این آئی) سندھ طاس معاہدے پر پاکستان اور بھارت میں ہونے والے مذاکرات کا پہلا دور پیر کو ختم ہوگیا جبکہ آج (منگل کو) بھی مذاکرات جاری رہیں گے تاہم فریقین اپنے اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور مذاکرات کے دوران پاکستان نے بھارت کے رتلے ڈیم کا معاملہ عالمی ثالثی عدالت میں اٹھانے کا عندیہ دے دیا جبکہ بھارتی وفد نے کشن گنگا اور رتلے ڈیم کے ڈیزائن دکھانے اور متنازع ڈیموں پر بات کرنے سے انکار کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ طاس معاہدے پر پاکستان اور بھارت کے مذاکرات اسلام آباد میں ہوئے۔ اجلاس کے دوران پاکستان نے بھارت کے رتلے پن بجلی منصوبے پر اعتراض اٹھایا اور اس پر مزید کوئی بات چیت کرنے سے انکار کرتے ہوئے اس معاملے کو عالمی ثالثی عدالت لے جانے کا عندیہ دیا۔ پاکستان نے بھارت کے مزید تین پن بجلی منصوبوں پر بھی اعتراض اٹھایا۔ ذرائع کے مطابق سندھ طاس معاہدے کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان نے تینوں ڈیموں کے ڈیزائنوں پر اعتراضات اٹھائے تاہم بھارت کی طرف سے کوئی ٹھوس جواب سامنے نہیں آسکا۔ پاکستانی حکام پر امید ہیں کہ اس معاملے پر بھارت کسی حد تک پاکستان کے اعتراضات کو تسلیم کر سکتا ہے۔دوسری جانب بھارتی وفد نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اجلاس کے دوران متنازع ڈیموں پر بات کرنے سے انکار کردیا۔ بھارتی وفد نے مؤقف اختیار کیا چونکہ اجلاس کے مینڈیٹ میں یہ بات شامل نہیں ہے اس لیے اس پر کوئی بات نہیں کریں گے بلکہ اجلاس کے مینڈیٹ کے مطابق صرف پانی کی تقسیم پر بات کریں گے۔ اجلاس کے دوران بھارت نے کشن گنگا اور رتلے ڈیم کے ڈیزائن بھی نہیں دکھائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے پہلے سیشن میں فریقین نے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور اجلاس کل ہونے والے دوسرے سیشن تک کیلئے ملتوی کردیا۔اسلام آباد سے خالد مصطفیٰ کے مطابق ریٹل اور کشن گنگا ہائیڈرو پاور پروجیکٹس کے میکانزم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے پاک بھارت سیکرٹریز سطح پر مذاکرات11 تا13 اپریل واشنگٹن میں ہوں گے۔ پاک بھارت بڑھتی ہوئی کشیدگی کو محسوس کرتے ہوئے امریکی اور ورلڈ بینک کے حکام متحرک ہو گئے  اور اب دونوں ممالک کے درمیان سیکرٹریز کی سطح پر مذاکرات واشنگٹن میں ورلڈ بینک کے صدر دفتر میں ہوں گے۔ وجہ تنازع بھارت کے300 میگا واٹ کشن گنگا اور 850 میگا واٹ ریٹل ہائیڈرو پروجیکٹس ہیں۔ وزارت پانی و بجلی کے اعلیٰ حکام نے انکشاف کیا کہ ورلڈ بینک اور امریکی اعلیٰ حکام پہلے چاہتے تھے کہ دونوں ممالک دبئی میں سیکرٹریز کی سطح پر مذاکرات کریں لیکن پاکستان نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور ورلڈ بینک سے واشنگٹن میں مذاکرات کے اہتمام کا مطالبہ کیا اب یہ مذاکرات ورلڈ بینک کے نائب صدر کی نگرانی میں واشنگٹن ہی میں ہوں گے۔
تازہ ترین