• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم کے اعلان کے باوجود باب دوستی نہ کھل سکا، تحریری احکامات موصول نہیں ہوئے، ایف سی حکام

چمن(نامہ نگار) وزیر اعظم نواز شریف کے اعلان کے باوجود پیر کو پاک افغان بارڈرنہ کھل سکا، تاہم رات گئے احکامات موصول ہو نے کے بعد آج سرحد تجارت اور آمدورفت کیلئے کھول دی جائیگی، جو صبح 8 سے شام 5 بجے تک معمول کے مطابق کھلی رہے گی، سرحد کھولنے کے انتظامات مکمل کر دئیے گئے ہیں۔ قبل ازیں ایف سی حکام کا کہناتھا کہ تحریری احکامات موصول ہونے کے بعد ہی پاک افغان بارڈر پر آمدورفت کا مرکزی راستہ باب دوستی کو کھولا جائے گا۔ کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر چمن میں کسٹم کا تمام عملہ طلب کر لیا گیا ہے جن سے کہا گیا ہےکہ با ب دوستی کھلنے کی صورت میں فوری طور پر کلیرنگ کا عمل شروع کیا جائے۔ دوسری جانب آج منگل سے افغانستان میں جشن نوروز کے سلسلے میں دو روزہ تعطیلات کے باعث افغانستان میں تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں گی، جس کے باعث افغان کسٹم ہائوس دو دن بند رہے گا جبکہ دو دن بعد پاکستان میں 23 مارچ کے سلسلے میں عام تعطیل ہو گی جس کی وجہ سے تجارتی سرگرمیوں کی بحالی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ وزیر اعظم کے اعلان کے ساتھ ہی بڑی تعداد میں شہریوں نے پاک افغان بارڈر کا رخ کیا اور باب دوستی پر جمع ہو گئے تاہم سرحد آمدورفت کےلئے نہ کھل سکی۔
تازہ ترین