• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی ٹی پارک کا قیام، کورین ایگزم بینک 76 ملین ڈالر قرض فراہم کرنے پر تیار

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی دارالحکومت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کے قیام کے حوالے سے کوریا کے ایکسپورٹ امپورٹ بینک (ایگزم) اور حکومت پاکستان کے درمیان76ملین ڈالر کے قرض کی فراہمی کا معاہدہ طے پایا ۔چک شہزاد میں قائم کئے جانے والے اس منصوبےکی مجموعی لاگت کا تخمینہ 88ملین ڈالر کے قریب ہے۔ اس سلسلے میں منگل کو اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں سیکریٹری اکنامک افیئرز ڈویژن طارق محمود پاشا اور کورین ایگزم بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ینگ ہون چنگ نے معاہدے پر دستخط کئے ۔اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار،انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر مملکت انوشہ رحمٰن،کوریا کے سفیر ڈونگ ہو سو سمیت وزارت خزانہ،وزارت آئی ٹی ،پاکستان سوفٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور اکنامک افیئرز ڈویژن کے سینئر حکام بھی موجود تھے،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےوزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ وزیر اعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں حکومت پاکستان کو ڈیجیٹل اور معاشی طور پر خودکفیل ملک بنانا چاہتی ہے،ڈیجیٹل پاکستان وقت کی اہم ضرورت ہے،سافٹ ویئر پارک کے قیام سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کو ترقی دینے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کوریا پاکستان کا دوست ملک ہے جو وفاقی دارالحکومت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کے لئے 76ملین ڈالر کا قرضہ فراہم کرے گا ،منصوبہ پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 88ملین ڈالر کے قریب ہے انہوں نے کہا کہ پارک کے قیام کا مقصد انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کا فروغ ہے ۔وزیر خزانہ نے قرضے کی فراہمی کے حوالے سے کوریا کی حکومت ‘ پاکستان میں تعینات کوریا کے سفیر اور ایگزم بینک سمیت کوریا کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوریا پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کے مختلف منصوبوں کے لئے مالی معاونت فراہم کررہا ہے آنے والے وقتوں میں پاک کوریا باہمی روابط مزید مستحکم ہوں گے ۔اس موقع پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر مملکت انوشہ رحمٰن نے کہا کہ اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کے قیام کے حوالے سے کوریا کے ساتھ معاہدے پر دستخط کا انتظار تھا۔ انوشہ رحمٰن نے کہا کہ وسیع و عریض احاطے پر قائم کئے جانے والے آئی ٹی پارک میں 100 سے زائد کمپنیوں کے کام کرنے کی گنجائش ہوگی جبکہ پارک میں بین الاقوامی معیار کی تمام تر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت یہ ملک کا پہلا پارک ہوگا جو عالمی معیار کے مطابق تعمیر کیا جائے گا اس کے علاوہ کراچی اور لاہور میں بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی پارکس کے قیام کے لئے زمین حاصل کرلی گئی ہے، صوبائی دارالحکومتوں میں بھی آئی ٹی پارکس قائم کئے جائیں گے۔اس موقع پر ایگزم بینک کوریا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ینگ ہون چنگ نے کہا کہ کوریا پاکستان کے ساتھ ملکر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں کام کرے گا جس سے دوطرفہ رابطوں میں مزید وسعت پیدا ہوگی انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بہترین ماہرین موجود ہیں اور آئی ٹی پارک کے قیام سے پاکستان کے عوام کو فائدہ حاصل ہوگا۔
تازہ ترین