• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ زیب اور شرجیل کا اسپاٹ فکسنگ کے الزامات ماننے سے انکار، ایف آئی اے میں بیان ریکارڈ کرادیا

لاہور (نمائندہ جنگ /  نیوزایجنساں) اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں معطل ہونے والے کرکٹرز شرجیل خان اور شاہ زیب حسن نے بھی منگل کو ایف آئی اے حکام کے روبرو پیش ہوکر اپنا بیان قلمبند کروادیا۔ دونوں نے اپنے اوپر اسپاٹ فکسنگ کے لگنے والے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ ادھر مشکوک افراد سے مبینہ رابطوں پر پی سی بی کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹر کامران یونس کے خلاف ایکشن کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شرجیل خان ، ناصر جمشید ، شاہ زیب حسن اورمحمد عرفان نے ایف آئی اے حکام کو وہی بیان دیا جو کہ وہ پی سی بی اینٹی کرپشن حکام کو دے چکے تھے۔ چاروں نے اپنے اوپر لگنے والے الزمات کو مسترد کیا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کردیا ہے کہ اس نے پی ایس ایل اسکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث کرکٹرز کے خلاف تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کو کوئی بھی باضابطہ درخواست نہیں کی ۔ چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے مطابق ایف آئی اے سے صرف اتنا کہا گیا تھا کہ وہ ان کرکٹرز کے موبائل فون میں موجود ریکارڈ کے بارے میں اپنے وسائل کی مدد سے تصدیق کرے۔ دریں اثنا  پاکستان کرکٹ بورڈ کی انکوائری کمیٹی پاکستان سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ناصر جمشید کے ملوث ہونے کے معاملے کی تحقیقات کیلئے برطانیہ جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے  آفیشل نے بتایا کہ ناصر جمشید سے تفتیش کیلئے دو رکنی تفتیشی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔  
تازہ ترین