• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوئٹزرلینڈ میں 81کھرب روپے کے اکائونٹس خفیہ نہیں رہیں گے، معاہدہ ہوگیا

اسلام آباد  (اے پی پی/جنگ نیوز) پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان دوہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے نظرثانی شدہ معاہدہ طے پا گیا۔ جبکہ معاہدے کے تحت سوئٹزرلینڈ میں 81کھرب روپے کے اکائونٹس خفیہ نہیں رہیں گے۔ معاہدہ پر پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کے سفیر مارک جارج اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ارشاد نے دستخط کئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان، سوئٹزرلینڈ کے سفارتخانہ، وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان دوہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے نظرثانی شدہ معاہدہ سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بالخصوص ٹیکس امور سے متعلق معلومات کے تبادلے کی نئی راہیں کھلیں گی۔ یہ سروس فیس کی ٹیکسیشن اور کیپٹل گینز میں بہتری سے متعلق ہیں۔ معاہدہ کے تحت دوطرفہ تعلقات میں اقتصادی تبادلوں کو فروغ دینے کے علاوہ دوہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے سلسلہ ثالثی کی ایک شق بھی شامل ہے۔  اس سے ٹیکس مقاصد کیلئے بینک معلومات تک رسائی ملے گی اور ایسی معلومات سے محض اس بناءپر انکار نہیں کیا جا سکے گا کہ یہ معلومات بینک یا کسی دوسرے مالیاتی ادارہ کی طرف سے روکی گئی ہے۔معاہدہ پر دستخط کرنے کے بعد دونوں ممالک معاہدہ کی توثیق کیلئے ضابطہ کی اندرونی کارروائی مکمل کریں گے۔ توثیقی دستاو یزات کے تبادلہ کے بعد یہ معاہدہ اگلے سال یکم جولائی سے پاکستان میں نافذ العمل ہو جائے گا۔
تازہ ترین