• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی سپریم کورٹ کا بابری مسجد تنازع عدالت سے باہر حل کرنے کا مشورہ

نئی دہلی(جنگ نیوز) بھارتی سپریم کورٹ نے رام مندر اور بابری مسجد کا تنازع عدالت سے باہر حل کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جے ایس کھیہر کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کہا کہ تمام جماعتوں کو رام مندر اور بابری مسجد کا تنازع مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔جے ایس کھیہر کا کہنا تھا کہ وہ اصولی مذاکرات کار کے طور پر فریقین کے درمیان تنازع کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما سُبرامَنین سوامی کو بتایا کہ اگر فریقین مذاکرات کار کے طور پر کسی دوسرے حاضر سروس جج کو شامل کرنا چاہیں تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیںتاہم سپریم کورٹ کے بینچ نے زور دیا کہ فریقین کو ان مذاکرات کو بامعنی بنانے کے لیے ’کچھ لو کچھ دو‘ کا نقطہ نظر اپنانا چاہیے۔بینچ کا کہنا تھا کہ ’عدالتی احکامات فریقین کو پابند بنا سکتے ہیں لیکن بہتر یہی ہے کہ ایسے نازک معاملات کا مذاکرات کے ذریعے حل نکالا جائے۔سُبرامَنین سوامی نے کہا کہ ماضی میں تنازع کے حل مذاکرات کے ذریعے نکالنے کی کئی بار کوششیں کی جاچکی ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ عدالت تنازع کے حل کے لیے مداخلت کرے۔ بھارتی سپریم کورٹ نے سُبرامَنین سوامی کو معاملہ 31مارچ کو دوبارہ سامنے لانے کی ہدایت کی۔یاد رہے کہ اس تنازع کے حوالے سے الہٰ آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد فریقین نے سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی تھی، جو کئی سال سے زیر سماعت ہیں۔الہٰ آباد ہائی کورٹ نے اپنے 2010کے فیصلے میں متنازع علاقے کی 3طرح سے ڈویژن کرنے کا فیصلہ دیا تھا۔ہائی کورٹ کے 3 رکنی بینچ کے دو ججز نے متنازع علاقے کی 2.77ایکڑ زمین مسلمانوں، ہندوؤں اور نِرموہی اکھاڑا (ہندو گروپ) کے درمیان برابر تقسیم کی جائے۔
تازہ ترین