• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ،طیبہ کو 2ماہ کیلئے ایس او ایس ویلیج منتقل کرنیکاحکم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نے نوسالہ طیبہ تشددکیس کی سماعت کے دوران طیبہ کو 2ماہ کیلئے پاکستان سویٹ ہومز سے ایس او ایس ویلیج منتقل کرنے کاحکم جاری کر تے ہوئے مزید سماعت ایک ماہ کے لیئے ملتوی کردی ہے،چیف جسٹس نے کہا کہ والدین کیس کی پیروی کرنے کیلئے تیار ہی نہیں ہیں، طیبہ کی بہترین پرورش کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بنچ نے منگل کے روزسابق ایڈیشنل اینڈڈسٹرکٹ جج اسلام آبادراجہ خرم اور ان کی اہلیہ کی جانب سے گھر میں نوسالہ طیبہ سے غیر قانونی خدمات لینے اور تشددکانشانہ بنانے کے خلاف ازخودنوٹس کیس کی سماعت کی۔ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد میاں عبدالرئوف ، ملزم راجہ خرم اور اس کی اہلیہ ماہین کے وکیل سردار محمدسلم ،پاکستان سویٹ ہومزکی نمائندہ خاتون اور ایس او ایس ویلج کی وکیل عائشہ حامد عدالت میں پیش ہوئیں،ملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ کیس ہائی کورٹ شفٹ کرنے سے ان کے موکلان کااپیل کاحق متاثر ہوگا،جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف آپ اپیل کا حق رکھتے ہیں ، عدالت کسی کی اپیل کا حق غصب نہیں کرے گی، کیس کا فیصلہ ہائیکورٹ میں محفوظ ہے اس لئے اس کے اجراء کا انتظار کر لیتے ہیں،انہوں نے ریمارکس دیئے کہ طیبہ کے والدین کیس کی پیروی کرنے کیلئے تیار ہی نہیں ہیں،ایسے والدین کیلئے کیا کہا جاسکتا ہے،ایس او ایس ویلج کی وکیل نے کہا کہ طیبہ کوان کے ادارہ کے حوالے کردیا جائے وہ بہتر پروش کرسکیں گے،پاکستان سویٹ ہوم کی خاتون نمائندہ نے کہاکہ تقریبا ڈیڑھ ماہ سے طیبہ ان کے ساتھ ہے اسے کوئی تکلیف نہیں،ہم سب سے مانوس ہوچکی ہے اس لئے اسے ہمارے پاس ہی رہنے دیا جائے،جس پرچیف جسٹس نے کہاکہ سویٹ ہومزمیں کوئی کوتاہی یا کمی نہیں ہے تاہم عدالت سویٹ ہومز اور ایس او ایس ویلج کا تقابلی جائزہ لے گی کہ طیبہ کی پرورش،تعلیم اور رہائش کیلئے کون سی جگہ بہتر ہے؟ان حالات میں ہم طیبہ کے والدین کا کردار ادا کررہے ہیں،ہم اس کی بہترین پرورش کے لیئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے ، یہ ہماری بچی ہے اسے جہاں مناسب سمجھا رکھیں،اس نے کہاں رہنا ہے؟ اس کا فیصلہ دوماہ بعدبچی سے بات کرنے کے بعد کریں گے،بعدازاں فاضل عدالت نے 27 مارچ سے دو ماہ کے لیئے طیبہ کو ایس او ایس ویلج بھجوانے کا حکم جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ایک ماہ کے لئے ملتوی کردی۔
تازہ ترین