• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم پاکستان، فوجی قوت کا شاندار مظاہرہ،سیاسی و عسکری قیادت ملکی سلامتی کیلئے یک زبان

اسلام آباد (جنگ نیوز/نیوز ایجنسیز) ملک بھر میں 77واں یوم پاکستان بھرپور قومی جوش وجذبے کے ساتھ منایاگیا۔ یوم پاکستان کا آغاز وفاقی دارلحکومت میں  31 اور صوبائی دارلحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی اور نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کی ترقی، خوشحالی ، سلامتی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کی خصوصی دعائوں سے ہوا۔ مرکزی تقریب وفاقی دارالحکومت میں ہوئی جہاں شکر پڑیاں کے مقام پر شاندار رایتی فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے ہوا اور بھرپور فوجی قوت کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ ملکی سلامتی کیلئے سیاسی اور عسکری قیادت یک زبان نظرآئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین تھے۔ پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے چاک و چوبند دستوں، رینجرز، پولیس اور چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ثقافتی دستوں نے پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ یوم پاکستان کے موقع پر دوست ممالک سعودی عرب کی اسپیشل فورسز اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے خصوصی دستوں نے بھی پریڈ میں حصہ لیا۔ ترکی کے ملٹری بینڈ نے ملی نغموں کی دھنیں پیش کیں۔ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین کو سلامی دی۔ پریڈ کے دوران مین بیٹل ٹینک الخالد اور الضرار، ریڈ ارز ، ٹینکس اور فوجی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سے منسلک دیگر جدید روایتی اور غیر روایتی ہتھیاروں کو بھی پیش کیا گیا۔ آخر میں معروف گلو کار راحت فتح علی خان نے مختلف صوبوں کے تعلیمی اداروں کے طلباءو طالبات کے ہمراہ "تیرا نام پاکستان ‘میرا کام پاکستان" ملی نغمہ پیش کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، ایئر چیف مارشل سہیل امان، ایڈمرل محمد ذکاء اللہ، جنوبی افریقہ کے  فوج کے سربراہ جنرل صالح ذکریہ، وفاقی وزراء، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، چین کے سفیر سن وی ڈونگ کے علاوہ اراکین پارلیمنٹ ، غیر ملکی مندوبین، سفیروں، ہائی کمشنروں کے علاوہ عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔  یوم پاکستان پر سب سے بڑے شہر کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا، جب کہ اس موقع سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ واہگہ اور حسینی والا بارڈر پر پرچم کی تقاریب میں شاندار آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ دریں اثناء بھارت، بحرین، فرانس، ترکی، مقبوضہ کشمیر، کویت، پرتگال، ہانگ ، بیلجئم، اسپین، سری لنکا، چین ،ایران، دبئی، جدہ، ریاض، ٹوکیو، کابل، واشنگٹن اور دیگر ممالک میں قائم پاکستانی سفارتحانے اور ہائی کمیشنز میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔
تازہ ترین