• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابل تسخیر ہے، صدرممنون حسین

اسلام آباد (نمائندہ جنگ/اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابل تسخیر ہے، ہماری روایتی و ایٹمی طاقت کا مقصد عالمی اورعلاقائی امن کو یقینی بنانا ہے، اسی لیے ہم پوری دنیا، خاص طور پر اپنے ہمسایوں کے ساتھ امن اور دوستی چاہتے ہیں لیکن بھارت کا غیرذمہ دارانہ طرزِ عمل اور اس کی طرف سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی مسلسل خلاف ورزی کے واقعات نے خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے اب حالات کا ذمہ دار بھی وہی ہوگا۔ جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ قوم فسادیوں کے خاتمے کیلئے ثابت قدم رہے، امن شہیدوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ جمعرات کو پریڈ گراؤنڈ میں خطاب کرتے ہوئےصدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ یوم پاکستان کے دن ہم قیام پاکستان اور استحکام پاکستان کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دینے والے ان شہیدوں اور غازیوں کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور عزم کرتے ہیں کہ ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کی ترقی، خوشحالی اور سالمیت کے لیے کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گااور دہشتگردی ہمیشہ کیلئے کچل دیں گے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیںاور چاہتے ہیں کہ تقسیم برصغیر کے نامکمل ایجنڈے یعنی مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، اس مقصد کے لیے پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ عالمی برادری بھی اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری پوری کرے تاکہ علاقائی سلامتی اور پائیدار امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پریڈ میں عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کا دستہ بھی شریک ہے جو ایک تاریخی واقعہ ہے، اس سے قبل چینی فوج نے بیرون ملک کبھی کسی پریڈ میں شرکت نہیں کی۔یہاں سعودی عرب کے فوجی دستے کے علاوہ جنوبی افریقہ کی نمائندگی بھی موجود ہے جبکہ ترک ملٹری بینڈ نے اپنی سریلی دھنیں بکھیر کر اِس دن کو یاد گار بنا دیا جس پر ہم اپنے ان تمام دوستوں کے شکر گزار ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ امن، ترقی اور خوشحالی کے عظیم تر مقاصد کے لیے انھیں ہمارا تعاون ہمیشہ حاصل رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پریڈ کے شاندار انعقاد پر میںاس کے کمانڈر، شرکا، مقامی انتظامیہ اور سی ڈی اے کو شاباش دیتا ہوں۔ دریں اثناء آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یوم پاکستان کی پریڈ میں شرکت پر چین، ترکی اور دیگر ملکوں کا شکریہ ادا کیا اور کامیاب پریڈپرقوم کومبارکباد دیتے ہوئے سیکیورٹی کے اقدامات کو سراہا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنرل باجوہ نے یہ بھی کہا کہ شہید اور غازی ہمارے ہیرو ہیں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔آرمی چیف نے کہا کہ ملک سے فسادیوں کے خاتمے کے لیے قوم ثابت قدم رہے، پاکستان پرامن ملک اور دنیامیں نمایاں اہمیت رکھتا ہے۔ 
تازہ ترین