• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
وزیراعظم محمد نواز شریف نے اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران ہدایت کی ہے کہ جاری ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہروں اور دیہات کو سڑکوں کے ذریعے ملائے جانے سے ملک میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔ موٹر ویز اور بڑی شاہراہوں کو رابطہ سڑکوں سے ملانے سے سماجی ترقی ہو گی۔ وزیراعظم نے یہ ہدایت بھی کی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل میں شفافیت برقرار رکھی جائے۔ نواز شریف شاہراہوں کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں جس سے ان کی اقتصادی ترقی کی سوچ کی عکاسی ہوتی ہے۔ شاہراہیں بنیں گی، راستے بنیں گے تو لوگوں کی آمد و رفت اور اشیا کی نقل و حمل بڑھے گی اور راستوں کے کنارے نئے شہر آباد ہوں گے۔ شیرشاہ سوری نے پانچ سو سال پہلے جی ٹی روڈ تعمیر کرائی جس پر آج کتنے ہی شہر آباد ہیں اوران پر کئی صنعتی زون قائم ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری کو اسی لئے اہمیت دی جا رہی ہے کہ پوری دنیا پاکستان کے راستے ایک روٹ سے منسلک ہوجائے گی یہ روٹ بھی جی ٹی روڈ کی طرح غیر آباد راستوں سے گزرے گا اور پھر وہ بھی آباد ہو جائیں گے، جہاں صنعتی عمل شروع ہو گا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس وقت بہت سے شہروں اور قصبوں کے درمیان ہزاروں کلو میٹر رابطہ سڑکیں عدم توجہی کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ سفر کو آرام دہ بنانے کے علاوہ ان پر آسان بار برداری بھی رواں دواں رکھنے کی ضرورت ہے۔ اس سے نئے شہر اور بستیاں آباد ہوں گی زراعت میں اضافہ ہو گا رابطہ سڑکوں کے ذریعے ٹریفک کی روانی بہترہو گی سفر کے اوقات میں کمی آئے گی اور نئی شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں گے تواس کی زندگی آسان ہوگی یہی کسی بھی منتخب حکومت کا مقصد ہوتا ہے موجودہ حکومت اس ایجنڈے پر تندہی سے کام کر رہی ہے۔لیکن منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت بھی ضروری ہے۔

.
تازہ ترین