• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاستدانوں، جرنیلوں، ججوںکا یکساںاحتساب، سیاستدانوں اور دوسرے طبقوں کیلئے الگ الگ قانون نہیں ہوسکتا، ، چیئرمین سینیٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ سیاستدانوں، جرنیلوں، ججوں اور تمام اداروں کیلئے یکساں احتساب ہونا چاہیے، سیاستدانوں اور دوسرے طبقوں کیلئے الگ الگ قانون نہیں  ہوسکتا، لاپتہ افراد کے معاملات ریاست میں ریاست کے مترادف ہے، ملک کو آمروں نے نقصان پہنچایا،  مجھے اپنے سیاسی کارکن ہونے پرفخرہے لیکن سیاستدانوں کے خلاف ہمیشہ منفی پروپیگنڈہ کر کے انہیں بدنام کیا گیا کہ وہ کرپٹ ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو بحریہ یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بدقسمتی سے جو ہونا چاہیے تھا وہ نہیں ہوتا، جمہوری حکومت میں آئین کے کردار پر بات ہوتی ہے، پاکستان کو جس مقصد کیلئے حاصل کیا گیا تھا اور جس مقصد کیلئے قائداعظم محمد علی جناح اور دیگر نے جدوجہد کی آج وہ تبدیل ہو چکا ہے، ہم بانی پاکستان کی تعلیمات اور نظریہ کو کھو چکے ہیں حالانکہ قائداعظم کا پاکستان بنانے کا بنیادی مقصد فلاحی ریاست تھا۔ انہوں نے کہا کہ نصاب میں جمہوری حکومت کے فوائد میں 8 دلیلیں جبکہ فوجی مارشل لا کے حق میں 11 دلیلیں پڑھاہی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کو اپنا حق ملنا شروع ہوا ہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑھتا ہے کہ تعلیم اور صحت کسی کی ترجیحات میں شامل نہیں۔ اس میں میری پارٹی کی حکومت بھی شامل ہے۔ نیب کرپشن ختم کرنے کا نہیں بلکہ کرپشن بڑھانے کا سبب ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بد قسمتی سے جو ہونا چاہیے تھا وہ نہیں ہوتا، جمہوری حکومت میں آئین کے کردار پر بات ہوتی ہے، پاکستان کو صدارتی نظام نہیں کی ضرورت نہیں، قائد اعظم پارلیمانی نظام کے حامی تھے،موجودہ ملکی حالات میں بھی پارلیمانی نظام ملک کے لیے بہترہے۔سابق صدرجنرل ضیا الحق نے آئین میں اپنی مرضی کی ترمیم کروائی، اس وقت طلباء تنظیموں، ٹریڈ یونینز اور دانشوروں کو ضیا الحق کے اقتدار میں پابندی کا سامنا رہا جب کہ شعرا اور کافی ہائوس کلچر پر پابندی لگا کرمذہبی جماعتوں کو آزادی دی گئی۔یقین دلاتا ہوں کہ طلبہ تنظیمیں جلد بحال ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں لاپتہ افراد کا ایک بھی کیس نہیں ہوناچاہئے اور اس بات کو تسلیم کرتا ہوں چیئرمین سینیٹ ہونے کے باوجود لاپتہ افراد کے لئے کچھ نہیں کرسکتا۔ 
تازہ ترین