• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتساب سب کا ہو سب کٹہرے میں آئیں، کمیشن کھانے کا طعنہ دینے والے اپنے گریبان میں جھانکیں، شہباز شریف

 لاہور(نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں منصوبوں سے کمیشن کھانے کا طعنہ دینے والے اپنے گریبان میں جھانکیں، یہ لوگ جب اپنے گریبان میں جھانکیں گے تو انہیں ملامت اور شرمندگی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔انہیں ایسی بات نہیں کرنی چاہیے بلکہ یہ کہنا چاہیے کہ سب کا احتساب ہواورسب کو کٹہرے میں لانا چاہیے تاکہ قوم جان سکے کس نے وسائل قوم پر لگائے ہیں اورکس نے قوم کے وسائل لوٹے ہیں، سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ دے گی قبول ہوگا، جس معاشرے میں قاضی اور عدالت کا احترام نہ ہو وہ آگے نہیں بڑھ سکتی، جب تک ہم بھیک مانگنے کی عادت کو ختم نہیں کریں گے تب تک ملک ترقی نہیں کرسکتا،اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کیلئے کشکول کو توڑنا ہوگا، جو لوگ میٹروبس کو جنگلہ بس کہتے تھے اب یہی منصوبہ پشاور میں شروع کرنے کا سوچ رہے ہیں، 2017ء کے اختتام تک توانائی کے کئی منصوبوں کی تکمیل سے لو ڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا،جس کا کریڈٹ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کو جاتا ہے ۔ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ملتان میں پہلے انسداد تشدد مرکز برائے خواتین کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ نے صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی اس طرح کے مزید سنٹرز بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مذہب خواتین پر تشدد،دست درازی یاتیزاب پھینکنے کی قطعاً اجازت نہیں دیتا اوردین اسلام میں اس کی بہت سخت ممانعت ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کا سب کو احترام ہے جس معاشرے میں قاضی اور عدالت کا احترام نہیں ہوگا وہ معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتااورجس معاشرے میں انصاف ہوگا وہ معاشرہ کبھی پیچھے نہیں رہے گا۔ عدالت عظمیٰ کا جو بھی فیصلہ ہوگا، مسلم لیگ(ن)اورقوم اسے قبول کرے گی لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہی موقع ہے کہ مجھ سمیت سب کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ جن لوگوں کو عوام کی خدمت کا موقع ملا ،ان سب کو کٹہرے میں لانا ہوگااور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کرنا ہوگا۔سب کا احتساب کرنا ہوگا اور حساب لینا ہوگا۔
تازہ ترین