• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شرجیل‘زرداری نے لوٹ کھسوٹ میں ڈاکٹریٹ کررکھی ہے‘ن لیگ

 اسلام آباد(نمائندہ جنگ،ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن)نے کہاہے کہ شرجیل میمن اورآصف زرداری نے لوٹ کھسوٹ میں ڈاکٹریٹ کررکھی ہے‘پیپلزپارٹی چوروں کی جماعت ہے‘زرداری نے بے نظیر کا خون بیچا‘ کرپشن کرنےو الے چوہدری نثارسے خوفزدہ ہیں۔ان خیالات کا اظہاروزیرمملکت طلاعات مریم اورنگزیب ‘ وزیرمملکت پانی وبجلی عابدشیر علی اوررکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اور نگز یب نے کہا ہے کہ کرپشن کرنے والے چوہدری نثار سے خوفزدہ ہیں، چوہدری نثار کی سچائی دیانت اور کردار پر سوال اٹھانے سے پہلے گریبان میں جھانکیں، شرجیل میمن شور مچا کر اپنی چوری اور کرپشن نہیں چھپا سکتے، شرجیل میمن لوٹی ہوئی دولت کا جواب دیں‘وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ چوہدری نثار وہ نام ہے جو وزیراعظم کے وژن کے مطابق پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کر رہے ہیں ۔ وزیر داخلہ پچھلے دور کی کرپشن کا گند صاف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن صاحب آپ جتنا شور مچا لیں آپ چوہدری نثار کے احتساب سے نہیں بچ سکتے، جواب تو دینا ہو گا۔وزیر مملکت پانی وبجلی عابدشیرعلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ آصف علی زرداری اور شرجیل انعام میمن نے لوٹ کھسوٹ میں ڈاکٹریٹ کر رکھی ہے‘ پیپلزپارٹی میں ایک سے بڑھ کرایک چورہے، چوہدری نثارکیخلاف باتیں کرنے والے کرپشن کا ایک الزام تو سامنے لائیں ،آئندہ انتخابات میں زرداری ٹولے کو مکمل ڈرائی کلین کریں گے ‘ عمران خان بال ٹمپرنگ اور میچ فکسنگ کے ماسٹر مائنڈ ہیں ‘ وزیر مملکت نے کہا کہ سندھ میں چوروں اور ڈاکوؤں کی حکومت ہے، آصف زرداری نے بے نظیر بھٹو کا خون بیچا، پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والا سابق گورنر ماڈل ایان علی کا کیس لڑتا ہے، انہیں تو شرم سے ڈوب مرناچاہیے۔ شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر رد عمل کااظہارکرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا کہ کرپشن کر کے سیاست کے پیچھے چھپنا پیپلز پارٹی کے چوروں کا وطیرہ ہے‘یہ چوروں کا وہ ٹولہ ہے جو سندھ کے گٹروں کے ڈھکن بھی بیچ کر کھاگیا ہے۔ اربوں کی کرپشن کر کے اب شور مچایا جارہا ہے۔
تازہ ترین