• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھرپارکر میں غذائی قلت و بیماری سے 2بچے دم توڑ گئے،رواں ماہ تعداد20ہوگئی

اسلام کوٹ(نامہ نگار) تھرپارکر میں غذائی قلت و بیماری کے باعث 2بچے دم توڑ گئے۔رواں ماہ ہلاکتوں کی تعداد 20ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق تھرپارکر میں گرمیاں شروع ہوتے ہی غذ ائی قلت و بیماریوں کے باعث بچوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا ہے۔سول اسپتال مٹھی میں گزشتہ روز چار دن کا بچہ شوکت راہموں ،تین دن کا شنکر کولہی دم توڑ گئے ہیں۔جس کے باعث رواں ماہ کے دوران ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔ معلومات کے مطابق تھر پارکر کے دیہاتوں میں اس وقت بھی ہزاروں حاملہ خواتین بدستور غذائی قلت کا شکار ہیں ۔جو آنے والے دنوں میں بچوں کی اموات میں اضافہ کا باعث بن سکتا ہے۔ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتال مٹھی میں بچوں کے وارڈ میں آج بھی تکنیکی عملے فیمیل نرسز کی کمی ہے۔جس کے باعث انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہونیوالے کم وزن بچوں کی دیکھ بھال سمیت علاج سوالیہ نشان بنا ہوا ہے۔تھر کے باسیوں نے حکومت سندھ سے اپیل کی ہے کہ کم سے کم ضلعی ہیڈ کوارٹر مٹھی میں بچوں کے وارڈ میں تمام درکار سہولتوں کو یقینی بنایا جائے تا کہ بچوں کی بہتر دیکھ بھال ہو سکے۔ حاملہ خواتین اور کم وزن والے بچوں کے لئے ضلعی اور تعلقہ اسپتالوں میں نیوٹریشن پروگرام شروع کر کے قبل از قت منصوبہ بندی کی جائے۔
تازہ ترین