• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب فوڈ اتھارٹی، ٹی وائٹنربنانے والی کمپنیوں کو ڈبے پر ’’یہ دودھ نہیں ہے‘‘ کی ہدایت لکھنے کی وارننگ

لاہور(اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر عوام کو صحت مند اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ٹی وائٹنر بنانے والی کمپنیوں کو ڈبے کے 15فی صد حصے پر واضح ʼیہ دودھ نہیں ہے ʼکی ہدایت لکھنے کی حتمی وارننگ جاری کر دی ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹی وائٹنربنانے والی تمام کمپنیوں کو متنبہ کیا جا چکا ہے کہ پیکنگ والے ڈبوں کے 15فی صد حصے پر واضح طور پر درج کیا جائے کہ یہ دودھ نہیں ہے۔اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے یکم جون کی حتمی ڈیڈ لائن مقر کی گئی ہے۔تمام کمپنیوں کو پیکنگ مٹیریل دیے گئے معیار کے مطابق تیار کروانے اور موجودہ اسٹاک ختم کرنے کے لیے مہلت دی گئی ہے۔یکم جون تک اسٹاک ختم نا ہونے کی صورت میں ڈبوں پرہدایات کا سٹیکر لگا کرفروخت کرنا ہو گا۔ نورالامین مینگل نے مزید بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی تحقیقات میں یہ حقیقت سامنے آئی تھی کہ ٹی وائٹنر کی مبہم پیکنگ اور اشتہارات کی وجہ سے اکثر لوگ ٹی وائٹنر کو دودھ سمجھ کر استعمال کر رہے ہیں جس کا ان کی صحت پر برا اثر پڑتا ہے۔ کم علمی کی وجہ سے ٹی وائٹنربچوں کو دودھ سمجھ کر استعمال کروایا جارہا ہے جس کی وجہ سے بچوں میں غذائیت کی کمی اور مختلف مسائل پیدا ہو رے ہیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ خالص دودھ ہی غذائی ،جسمانی اور ذہنی نشوونما کی ضروریات پوری کر سکتا ہے ۔ویجیٹیبل فیٹ سے بنے ٹی وائٹنرکو دودھ یا اس کا متبادل کہنا یا استعمال کرنا درست نہیں ۔ لیبل پر واضح ہدایات درج کرنے سے ٹی وائٹنر کو غلطی یا کم علمی کی وجہ سے دود ھ سمجھ کر استعمال کرنے کے واقعات میں کمی آئے گی۔ اس حوالے سے تعاون نا کرنے والی کمپنیوں کا سٹاک ضبط، قانون کے مطابق سزا اور جرمانے کے ساتھ ساتھ لائسنس منسوخی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
تازہ ترین