• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ود ہولڈنگ ٹیکس کی حد ایک لاکھ روپے کئے جانے کا امکان ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرانے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں بینکس ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس کی حد 50 ہزار کے بجائے ایک لاکھ روپے کیے جانے کا امکان ہے اوراس حد میں اضافے کے بعد ایزی پیسے سے منتقلی بھی ایک لاکھ روپے کردی جائے گی، رقم کی محفوظ منتقلی کا بل اسمبلی سے منظور ہوچکا ہے،خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں جعلی کرنسی نوٹوں کا استعمال کم ہے، جعلی نوٹوں کی روک تھام کی ذمے داری قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصا ایف آئی اے پر ہے ۔ا ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر کے سی سی آئی کے صدر شمیم فرپو،یونائٹیڈ بزنس گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی اور دیگر بھی موجود تھے۔گورنراسٹیٹ بینک نے کہا کہ برآمدات کم ہورہی ہیں مگر رعایتی برآمدی قرضے بڑھ رہے ہیں، بزنس مین نئی ایمینسٹی کا انتظار ضرور کریں مگر آج بھی ترسیلات آپ کی ہوں یا کسی اور کی کوئی پوچھ گچھ نہیں ہے،یہ رقم یا تو اسٹاک ایکسچینج میں جارہی ہے یا پھر ریئل اسٹیٹ کی سرمایہ کاری میں استعمال ہورہی ہے۔اشرف محمود وتھرا نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان آسان تجارت کی راہ ہموار کرلی ہے، دونوں ممالک کے مرکزی بینکوں کے درمیان بات چیت کے اہم مراحل طے ہوچکے ہیں ۔مانیٹری پالیسی بورڈ میں کراچی کی نمائندگی سب سے زیادہ ہے، ایزی پیسہ کی حد 50 ہزار روپے اس لیے ہے کہ اس پر ودہولڈنگ ٹیکس لاگو نہیں ہے، شرح سود 50 سال کی کم ترین سطح پر ہے۔مرکزی بینک کے گورنر نے کہا کہ پاکستان میں برآمدات کا ماڈل جدید دور کے مطابق بنایا جانا ضروری ہے، بینکوں کو کاروباری طبقے کے مسائل جلد حل کرنے کی ہدایت کی ہے، امن و امان اور توانائی کی بہتر صورتحال کے بعد بینکوں کا معیشت کی بہتری میں کردار بڑھ گیا ہے۔دریں اثناءگورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان اشرف محمود وتھرا نے دوسرے پاکستان بینکنگ ایوارڈز 2017 کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینکنگ سیکٹر کا کردار ملکی معیشت کی ترقی میں بنیادی اہمیت کا حامل رہا ہے۔ بینکنگ شعبے کی اہمیت مسلمہ ہے جبکہ ٹیکنالوجی کا حصول اور صارفین کو بہترین خدمات کی فراہمی بینکنگ سیکٹر کی ایک بڑی کامیابی اور قابل تعریف پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلسل دوسرے سال ’’دی پاکستان بینکنگ ایوارڈ 2017‘‘ کی تقریب اور بینکنگ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کے لیے ایوارڈز کی تقسیم انسٹی ٹیوٹ آف بینکرز پاکستان، اے ایف فرگوسن اینڈ کمپنی اور دیگر کا قابل تحسین اقدام ہے۔اس موقع پر سی ای او ، آئی بی پی حسین لوائی نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین