• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرغی اور ٹماٹر کی قیمتوں میں ہوش ربااضافہ

کراچی/ٹھٹھہ/ حب(اسٹاف رپورٹر/نامہ نگاران) ٹماٹر کی فصل خراب ہونے کے باعث اچانک مارکیٹ میں ٹماٹر کی قیمت میں اضافے کا رجحان پیدا ہوگیا ہے ، پیر کو اوپن مارکیٹ میں درجہ اول ٹماٹر کی قیمت 150روپے تک رہی جبکہ کمشنر کراچی کی پرائس لسٹ کے مطابق ٹماٹر کی تھوک قیمت 100روپے ، بچت بازار میں ٹماٹر کی قیمت 102 روپے اور بازار میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 110 روپے مقرر کی ہے لیکن مارکیٹ میں سرکاری قیمتوں پر ٹماٹر فروخت نہیں ہورہی ہے بلکہ دکاندار ٹماٹر کی اول اور دوئم درجہ بتا کر 150 روپے فی کلو تک میں ٹماٹر فروخت کررہے ہیں ،تاجروں کے مطابق سندھ کی ٹماٹر کی فصل ختم ہوگئی ہے اور پورے پاکستان میں بلوچستان کی فصل آئی ہے اس لئے مارکیٹ میں ٹماٹر کی قلت ہوگئی تاجروں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی قیمت ایک ہفتے بعد کم ہونا شروع ہوجائےگی۔ٹھٹھہ میں اشیائے خورد و نوش کی چیزیں غریب عوام کی قوت خرید سے باہر ہوگئی ہیں، دو دن قبل 320 روپے فی کلو فروخت کیا جانے والا مرغی کا گوشت 420 روپے فی کلو فروخت کیا جانے لگا ہے جبکہ گوشت اور مچھلی کے علاوہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، مچھلی کا گوشت 350 سے 400 روپے میں جبکہ گوشت 600 روپے فی کلو سے بھی زائد میں فروخت ہو رہا ہے، ٹماٹر اور ہری مرچ 80 سے 100 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگے ہیں، حب سے نامہ نگار کے مطابق مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت 360روپے جبکہ ٹماٹر فی کلو کی قیمت 80سے100روپے تک پہنچ گئی ۔ شہریوں نے مرغی کے گوشت اور ٹماٹر کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
تازہ ترین