• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واٹر کلر سے مصوری کیلئے مہارت کا حامل ہونا ضروری ہے،ظفر محمود

جامشورو(نامہ نگار) نامور مصور و شاعر ظفر محمود نے واٹر کلر سے ہونے والی پینٹنگ کو بے حد مشکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پینٹنگ میں پہلا مرحلہ ہی آخری مرحلہ تصور کیا جاتا ہے، اس لیے اس پر مصور کو مہارت کا حامل ہونا ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائین میں طلباء کو لیکچر دیتے ہوئے کیا۔ ظفر محمود نے مزید کہا کہ واٹر کلر آئل کلر کے بالکل برعکس ہے، جس کے بارے میں مکمل معلومات کے ساتھ مہارت کا ہونا بھی لازمی ہے، کیونکہ واٹر کلر پر مہارت نہ ہونے سے اس کو ہینڈل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مصوری کے شعبے میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ انسان کو شوق ہو اور وہ پوری محنت و لگن سے وہ کام سرانجام دے۔ انہوں نے کہا کہ پینٹنگ کا رجحان ترقی یافتہ ممالکن میں بہت زیادہ ہے۔ ایک اچھا مصور اپنے تخیل و سوچ کے تحت مصوری میں جدت لا کر اچھا سرمایہ کما سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آجکل مقابلے کا دور ہے، اس لیے عالمی مارکیٹ میں اپنے کام کو منوانے کے لیے ایسی پینٹنگز تیار کرنا چاہئیں، جس میں جدت ہو اور وہ معاشرتی مسائل کی عکاس ہوں۔ بعد میں مصور ظفر محمود نے عملی طور پر واٹر کلر پینٹنگ بنانے کا مظاہرہ کیا اور طلباء کو واٹر کلر کے ذریعے مصوری کرنے کے گر بھی سکھائے۔ اس موقع پر انہوں نے پینٹنگز کے حوالے سے اپنی دو کتابیں آرٹ اینڈ ڈیزائین شعبے کی لائبریری کو تحفتاً دیئے۔ آرٹ اینڈ ڈیزائین شعبے کے انچارج ڈائریکٹر پروفیسر نعمت اللہ خلجی نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین