• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی کامیابیوں کا لوہا منوایا

برمنگھم (نمائندہ جنگ) نامساعد حالات اور نشیب و فراز کے باوجود آج کا پاکستان دنیا کے کامیاب اور مستحکم ممالک کی صف میں کھڑا ہے 1947 سے 2017 تک کا سفر مملکت عزیز نے دہشت گردی، انتہا پسندی، اندرونی بیرونی سازشوں کو شکست دیتے ہوئے اپنا سفر جاری رکھا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق ایڈمنسٹریٹر کوٹلی چوہدری الیاس اور معروف کاروباری شخصیت و سماجی رہنما چوہدری جاوید الرحمٰن نے ’’جنگ‘‘ سے یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ سابق ایڈمنسٹریٹر الیاس چوہدری نے مزید کہا کہ قوموں کی تاریخ میں77 برس کا عرصہ کچھ زیادہ نہیں ہوتا، اس عرصہ میں پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی کامیابیوں کا لوہا منوایا۔ گزشتہ دو ادوار سے جمہوری نظام کا تسلسل بھی کامیابی کی دلیل ہے۔ سائوتھ ایشین ریجن میں پاکستان کو اہم مقام حاصل ہے۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو نیٹو اورUNOجیسے الائنس بھی شکست نہ دے سکے۔ مگر پاکستان کی بہادر قوم اور مسلح افواج نے انہیں شکست فاش دی۔ معروف سیاسی و کاروباری شخصیت چوہدری جاوید الرحمن نے کہا کہ سی پیک کا پروجیکٹ اس پورے ریجن میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ ابھی ابھی اس پروجیکٹ کا آغاز ہی ہے کہ دنیا کے بڑے ممالک سرمایہ کاری کے لیے پرتول رہے ہیں اور آنے والے وقتوں میں پاکستان سرمایہ کاری کے لیے جنت بن جائے گا۔ علی ہجویری ٹرسٹ برطانیہ کے رہنما و کاروباری شخصیت عمران افضل بٹ نے کہا کہ جہاں رسک زیادہ ہوتا ہے، وہاں پرافٹ مارجن بھی زیادہ ہوتا ہے۔ پاکستان کے حالات بدستور بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ برطانیہ میں امسال یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر کمیونٹی کا جوش و خروش روشن مستقبل کی عکاسی کرتا ہے۔
تازہ ترین