• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیائی کمیونٹی کی حقیقی سیاسی جماعت کنزرویٹوہے، شان اینسٹی

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) گریٹر مانچسٹر سے میئر کے انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی کے امیدوار شان اینسٹی نے کہا ہے کہ تمام کمیونٹیز ووٹ دے کر حکمران جماعت کا ساتھ دیں۔ حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی ہی ایشیائی کمیونٹی کی حقیقی سیاسی جماعت ہے۔ لیبر پارٹی کو ووٹ دے کر آپ مقامی کونسلر اور بعض جگہوں پر ممبران پارلیمنٹ تو بن سکتے ہیں، مگر حکومتی فنڈز اور اپنی اولادوں کے مستقبل کا تقاضا ہے کہ برطانیہ بھر کے مسلمان، ایشیائی اور مقامی آبادی ملک برطانیہ کی ترقی کے لیے کردار ادا کرے، خواتین بھی سیاسی میدان میں کھل کر آئیں۔ ان خیالات کا اظہار کنزرویٹو پارٹی کے گریٹر مانچسٹر سے میئر کے امیدوار شان اینسٹی نے کشمیری کمیونٹی کی طرف سے دئیے گئے ایک استقبالیہ میں کیا، جس کی صدارت جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت یورپ کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کی جب کہ یارکشائر سے کنزرویٹو پارٹی کے ممبر یورپی پارلیمنٹ امجد بشیر، گریٹر مانچسٹر کنزرویٹو پارٹی کے چیئرمین ڈیوڈ سیمپل، بری سے عظمت حسین، بولٹن سے راجہ محمد ادریس، اولڈہم سے راجہ محمد مقصود کاکڑوی، مانچسٹر سے محمد افضل، ثمینہ خان، ہیری بوٹا، راچڈیل سے طاہر نوید، بیرسٹر شازیہ انجم اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کرکے میئر کے امیدوار کو اپنی بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ میئر کے امیدوار کونسلر شان اینسٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ گریٹر مانچسٹر کی دس کونسلوں میں براہ راست انتخاب کے ذریعے ایک بااختیار میئر کے لیے4مئی کو ایک فیصلہ کن معرکہ ہورہا ہے جس میں لیبر پارٹی اور کنزرویٹو پارٹی میں ہی حقیقی مقابلہ ہے اور اس ریجن کے عوام پر منحصر ہے کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھریسامے کی وزارت عظمیٰ میں اگر آپ لوگوں نے میرے حق میں فیصلہ کیا تو میں وعدہ کرتا ہوں کہ اس علاقے کے مسائل کو حل کروانے کے لیے مرکزی حکومت سے فنڈز لانے میں ہر کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں بسنے والی تمام اقوام اور کمیونٹیز کو گریٹر مانچسٹر کی بھلائی کے لیے مل جل کر کام کرنا ہوگا اور اس کے لیے میں اس علاقے کے ہر شہر میں جاکر عوام سے تعاون کی اپیل کروں گا۔ کنزرویٹو پارٹی سے یارکشائر کے ممبر یورپی ممبر پارلیمنٹ امجد بشیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک بھر میں جہاں پر بھی لیبر پارٹی کا کنٹرول ہے وہاں کے حالات بہت برے ہیں۔ مسائل کی آماجگاہ بنے ہوئے ان شہروں میں ہر وقت فنڈز کی کمی کا رونا رونا جاتا ہے، جب کہ کنزرویٹو کنٹرول کونسلوں میں سہولتوں کو دیکھ کر ایشیائی کمیونٹی کو کنزرویٹو امیدواروں کو کامیاب کرنا چاہئے اور شان اینسٹی گریٹر مانچسٹر کے لیے موزوں امیدوار ہے جسے ووٹ دے کر آپ نہ صرف وزیراعظم برطانیہ تھریسامے کے ہاتھ مضبوط کریں گے، بلکہ اپنے مسائل کے حل کے لیے ایک باصلاحیت اور اہل امیدوار کو کامیاب کریں گے۔
تازہ ترین