• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کےسابق ایشین سنوکر چیمپئن حمزہ اکبر کے اعزاز میں تقریب

اولڈہم(تنویر کھٹانہ)پاکستان اور ایشیاکے سابق سنوکر چیمپئن حمزہ اکبر کو ورلڈ ٹور کے دوران امداد اور ان کی حالیہ کارکردگی پر اولڈہم سنوکر اکیڈمی کے مالک محمد نثار کی جانب سے ایک فنڈ ریزنگ ڈنر کا انعقاد اولڈہم کے مقامی ہال میں کیا گیا جس میں سپورٹس، سیاسی ، سماجی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی اور اس اقدام کو پاکستان کے دیگر کھلاڑیوں کے لیے خوش آئند قراردیا۔ سابق انگلش کھلاڑی ساجد محمود کا کہنا تھا کہ مجھے خوشگوار حیرت ہے کہ یہاں کی کمیونٹی پاکستان سے آئے کھلاڑی کی یوں مدد کر رہی ہے۔ باکسر عامر خان کے بھائی باکسر ہارون کا کہنا تھا کہ میں یہاں حمزہ کو سپورٹ کرنے آیا ہوں جو انشاللہ آئندہ ورلڈ چیمپئن بنے گا۔ باکسر تاسف خان نے بھی محمد نثار کے اس اقدام کو سراہا جس میں حمزہ کی کارکردگی کو یوں دنیا کے سامنے لایا جا رہا ہے۔ ایم پی یاسمین عالم اور ایم پی ناز شاہ نے بھی اس تقریب میں شرکت کی اور حمزہ کی حالیہ کامیابیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ قونصل جنرل ڈاکٹر ظہور احمد کا کہنا تھا کہ حمزہ اکبر جیسے کھلاڑی پاکستان کا فخر ہیں اور ان کا ساتھ دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ او پی ایف کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر فورم پر حمزہ کے لیے آواز اٹھائی ہے اور اٹھاتے رہیں گے۔ سابق مئیرز اولڈہم عتیق الرحمن اور شعیب نے بھی حمزہ اکبر کو پاکستان کا اثاثہ قرار دیا اور اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ تقریب میں مرحوم جنید جمشید کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔ طلحہ طارق نے دل دل پاکستان گا کر سب کے دل موہ لیے۔ تقریب میں مختلف کھلاڑیوں کے زیر استعمال رہنے والے چیزوں، دستخط شدہ شرٹس، دستخط شدہ تصاویر کی نیلامی بھی کی گئی۔ اولڈہم کی کمیونٹی نے حمزہ اکبر کو پاکستان اور سنوکر کے لیے ان کی خدمات پر اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
تازہ ترین