• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو اندرونی دشمنوں سے خطرہ ہے ،ملک بچانے کیلئے ہر ادارے میں صفائی کی جائے، زبیر

برمنگھم (پ ر) پاکستان رابطہ کونسل مڈ لینڈ کے کنوینر محمد زبیر شاہین نے کہا ہے کہ اب ایک نیا انکشاف بھی سامنے آگیا ہے کہ آصف علی زرداری کے دور میں پاکستانی قونصلیٹ دبئی سے2010ء میں80امریکیوں اور150بھارتی باشندوں کو بھی ویزے جاری کئے گئے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ایک بڑی تعداد میں پاکستان میں ایسے لوگ لائے گئے ہیں جن کے بارے میں کسی کو کچھ پتہ نہیں کہ یہ لوگ اب کہاں ہیں اور کیا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا بے نظیر کا قتل اور آصف زرداری کا صدر بننا پاکستان کے خلاف ایک گہری سازش ہے، بے نظیر کی وصیت وغیرہ سب جعلی تھیں، یہ پورا ایک ڈرامہ رچایا گیا کہ آصف زرداری کو کسی طریقے سے اقتدار میں لایا جائے۔ البتہ یہ بھی بڑی تشویشناک صورتحال ہے کہ پاکستان کے سیکورٹی ادارے اس دوران کہاں غائب رہے کہ اتنی بڑی تعداد میں ویزے جاری کئے گئے اور کسی کو خبر تک نہیں ہوئی۔ زبیر شاہین نے کہا کہ پاکستان کو باہر سے نہیں بلکہ پاکستان کے سیاستدانوں، حکمرانوں اور ایوانوں میں بیٹھے دشمنوں سے خطرہ ہے، پاکستانیوں کو ویزے جاری کرتے ہوئے بے شمار سوالات کئے جاتے ہیں اور دہشت گردوں کے لئے ملک کے صدر اور وزیراعظم کی سفارش ہوتی ہے اور کارروائی کرنے والوں کو گھروں میں پناہ دی جاتی اور کسی غریب کو پکڑ کر پھانسی پر چڑھا دیا جاتا ہے، اس ملک میں کوئی کسی ملک دشمن کو پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بچانا ہے تو پھر ہر ادارے میں صفائی کرنا ہوگی، ورنہ وقت آنے والا ہے کہ ہر شہری قانون کو اپنے ہاتھ میں لے گا اور پھر فیصلے سڑکوں پر ہوں گے اور دشمن کی یہ کوشش ہے کہ لیبیا، شام اور عراق جیسے حالات پیدا کرکے ملک کو تباہ و برباد کردیا جائے اور پاکستان پر قبضہ کرلیا جائے۔
تازہ ترین