• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی 4؍اپریل کو بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کریگی

سکھر (بیو رورپورٹ) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سہراب خان سرکی نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی میں سندھ سمیت ملک بھر سے بڑی تعداد میں عوام شرکت کریں گے۔ پیپلزپارٹی 4اپریل کو بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ ثابت کردے گی کہ ملک بھر کی عوام آج بھی پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں۔2017ء میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے جلسے کو تاریخی بنائیں گے جس میں شرکت کرنے والوں کی گنتی بھی مشکل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت ملک بھر میں عوام وفاقی حکومت کی پالیسیوں سے پریشان ہیں۔ بجلی ، گیس کی لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کررکھا ہے جبکہ مہنگائی ، بے روزگاری نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ ملک کا کاشتکار شدید پریشانی کے عالم میں ہے لیکن وفاقی حکومت سب ٹھیک ہے کہ راگ الاپ رہی ہے۔ وہ سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ ڈاکٹر سہراب خان سرکی نے میٹرو بس، اورینج ٹرین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اورینج ٹرین ہو یا میٹرو بس سروس یہ منصوبے عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتے، عوام کا اصل مسئلہ صحت، تعلیم پینے کے پانی سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کا ہے جب عوام کو مکمل طور پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی ممکن ہوجائے تو پھر ایسے منصوبے بنائے جاسکتے ہیں ایک جانب حکومت اربوں روپے کی سبسڈی میٹرو بس سروس میں سالانہ دے رہی ہے تو دوسری جانب اورینج ٹرین چلا کر مزید عوام پر بوجھ ڈالا جائے گا ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں ترقی و خوشحالی ہو لوگوں کے مسائل حل ہوں خاص طور پر مہنگائی، بے روزگاری کے خاتمے اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی ممکن ہوجائے تو پھر ایسے منصوبے بنانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
تازہ ترین