• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانچ میڈیکل جامعات میں رجسٹرار مقرر کرنےکیلئے درخواستیں طلب

کراچی (سید محمد عسکری/ اسٹاف رپورٹر) صوبائی حکومت نے  نے سندھ کی پانچ میڈیکل جامعات میں رجسٹرار مقرر کرنے کیلئے درخواستیں طلب کی ہیں جس میں حیرت انگیز طور پر عمر کی حد 60 کے بجائے 65 سال مقرر کی گئی ہے کیونکہ 65 سال کی عمر صرف وائس چانسلر کے لئے مقرر کی جاتی ہے جبکہ تعلیمی بورڈ کے چیئرمین کے لئے عمر کی حد 62 سال مقرر ہے۔ ایک میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے جنگ کو نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ بعض میڈیکل جامعات میں 60سال سے زائد عمر کے افراد بطور رجسٹرار پہلے ہی کام کر رہے ہیں اور سیکرٹری بورڈ وجامعات اس اہم عہدے پر انہی افراد کی بطور رجسٹرار 3 سال کے لئے تقرری چاہتے ہیں جن 5 میڈیکل جامعات کیلئے درخواست طلب کی گئی ہیں۔ان میں ڈائو میڈیکل یونیورسٹی، سندھ جناح میڈیکل یونیورسٹی، لاڑکانہ میڈیکل یونیورسٹی، پیپلز میڈیکل یونیورسٹی نوابشاہ اور لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو شامل ہیں۔ واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے دور میں بھی سندھ کی بعض جامعات میں رجسٹرار مقرر کرنے کیلئے اشتہار دیا تھا جس پر جامعات کے اساتذہ کی تنظیم نے سخت ردعمل دیا تھا اور وزیراعلیٰ ہائوس کا گھیرائو بھی کر لیا تھا۔ اساتذہ کا مؤقف تھا کہ کنٹرولنگ اتھارٹی کی جانب سے رجسٹرار اور ناظم امتحانات مقرر کرنے کی  ترمیم منسوخ کی جائے اور جامعات کا پرانا ایکٹ بحال کیا جائے۔ بعدازاں اساتذہ کے احتجاج اور دبائو پر حکومت نے جامعات میں رجسٹرار کی تقرری کے معاملے کو مؤخر کردیاتھا اور رجسٹرار اور ناظم امتحانات کے حوالے سے کی گئی ترمیم منسوخ کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا لیکن اس کے برعکس ہوا سیکرٹری بورڈ وجامعات کی طرف سے رجسٹرار کیلئے دوبارہ اشتہار جاری کر دیا گیا ہے۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ جامعہ کراچی، جامعہ این ای ڈی اور سندھ یونیورسٹی میں بھی  رجسٹرار کی تقرری کیلئے بھی اشتہار جلد جاری کر دیا جائے گا۔
تازہ ترین