• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے ہماری روایات کو مسخ کیا جا رہا ہے،علامہ راجہ ناصر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام خاتون جنت حضرت فاطمۃ ؓکے یوم ولادت کی مناسبت سے فیڈرل بی ایریا میں یوم خواتین کی تقریب کا انعقاد ہوا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حضرت فاطمہ ؓکی سیرت و عظمت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ مادر حسنین کریمن کی تعلیمات کے مطابق زندگیوں کو ڈھالنے کی ضرورت ہے۔معاشروں کی تشکیل متعدد گھرانوں سے وجود میں آتی ہے اور گھرانوں کی تربیت مائیں کرتی ہیں۔اگر تربیت اعلی خطوط پر ہو گی تو معاشرے اعلی اوصاف سے مزین ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں دشمن ہر طرف سے ہم پر حملہ آور ہے۔ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے ہماری روایات کو مسخ کیا جا رہا ہے، مادیت پرستی اور ہندوانہ ثقافت کی تشہیر سے ہیجان انگیز فکری تبدیلی لائی جا رہی ہے ۔ہمیں اپنی نسلوں کو اس سے بچانا ہو گا۔اس سلسلے میں خواتین کا کردار اہم ہے۔شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری زہرا نقوی نے کہا کہ اسلام کی تاریخ میں ماؤں کا کردار بے مثال رہا ہے۔واقعہ کربلا میں دین حق کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی تربیت بھی عظیم مائوں نے کی تھی۔
تازہ ترین