• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہولناک مہنگائی حکومتی معاشی و اقتصادی پالیسی کی ناکامی ہے،مزدور رہنما

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینئر مزدور رہنمائوں نے مہنگائی میں ہولناک اور ناقابل برداشت اضافے پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے حکومت کی اقتصادی و معاشی پالیسی اور منصوبہ بندی کی ناکامی قرار دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہوشربا گرانی کی روک تھام کے لئے فوری اور موثر اقدامات کئے جائیں ۔ حبیب الدین جنیدی ،لطیف مغل،حاجی محمد یعقوب ،سیّدہ نادرہ پروین ،کامریڈ منظور رضی ،حسین بادشاہ ، محسن رضا اور نور محمد جلبانی نے کہا کہ حکمراں باا لخصوص وفاقی وزیر خزانہ اور دیگر حکومتی وزراء دن رات خوشحالی اور معاشی و اقتصادی ترقی کے بلندبانگ دعوئوں کی تکرار کرتے نہیں تھکتے ۔جبکہ حقیقی صورتحال اس کے بالکل بر عکس ہے ۔حالیہ مارکیٹ سروے کے مطابق کراچی ،لاہور ،اسلام آباد، پشاور اور ملک کے دیگر تمام بڑے شہرو ں میں کھانے پینے کی عام اشیاء جن میں سبزی ،پھل اور مرغی کا گوشت شامل ہے کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے بہت دور جاچکی ہیں۔ جبکہ دوسری جانب انتہائی تشویش ناک صورتحال اور بھیانک تضاد یہ ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کے ہزاروں چھوٹے بڑے اداروں میں لاکھوں مزدور حکومت کی جانب سے مقرر کردہ 14000/-روپے ماہانہ اجرت سے بھی محروم انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور کردیئے گئے ہیں۔
تازہ ترین