• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے الیکٹرک کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کا پابند کیا جائے،متحدہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے ارکان سندھ اسمبلی نے کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ کے الیکٹرک اپنے دعوئوں کے برعکس اس مرتبہ بھی موسم گرما میں شہریوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کے شہریوں سے بجلی کے بلوں کی مد میں بھاری رقوم وصول کی جاتی ہے جبکہ دوسری جانب مینٹیننس کے نام پر کئی کئی گھنٹوں شہریوں کو لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیلنے پر مجبور کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ شہر ی پہلے ہی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے پریشان ہیں اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے اسپتالوں اور اسکولوں سمیت دیگر محکموں کے افراد کے معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہورہے ہیں جبکہ کاروباری طبقہ بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ سے عاجز آچکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کی تسلسل سے فراہمی میں کے الیکٹرک ماضی کی طرح مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کررہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ ارکان سندھ اسمبلی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ شہر میں موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور کے الیکٹرک کو اپنے وعدوں کے مطابق بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا پابند کیاجائے ۔
تازہ ترین