• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاداب خان کا پہلے ہی ٹی 20 انٹرنیشنل میں عالمی ریکارڈ، کارکردگی جاری رکھنے کےلئے پرعزم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نوجوان لیگ اسپنر شاداب خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈیبیو میچ میں عالمی ریکارڈ قائم کردیا، وہ اس کارکردگی کو جاری رکھنے کیلیے پرعزم ہیں، پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے میاں والی سے تعلق رکھنے والے لیگ اسپنر شاداب خان کو مستقبل کا اسٹار قرار دیدیا۔ شاداب پہلے ہی میچ میں فتح گر کارکردگی پیش کرکے راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔ شاداب نے ورلڈ ریکارڈ کارکردگی دکھائی۔ شاداب نے اپنے ڈیبیو میچ میں سات رنز دیکر تین وکٹیں لینے والے 5ویں پاکستانی بولر بن گئے۔ یہ ڈیبیو میچ میں ایک سے زائد اوورز پھینکنے والے دنیاکے کسی بھی بولر کابہترین اکانومی ریٹ ہے۔ شاداب خان دنیا کے پہلے بولر بن گئے ہیں جس نے کیریئر کے پہلے میچ میں کوٹے کے مکمل چاراوورز کراتے ہوئے 2 رنز فی اوور سے بھی کم اکانومی ریٹ سے رنز دئیے۔ شاداب خان سے قبل یہ ریکارڈ کینیڈا کے اسٹیون ولش کے نام تھا جس نے 2008 میں برمودا کے خلاف تین اوورز میں 2.00کے اکانومی ریٹ سے صرف چھ رنز دیکر دو وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیبیو میچ میں کوٹے کے مکمل اوورز کرانے والے بولرز میں اس ریکارڈ پر پہلے زمبابوے کے رئے پرائس قابض تھے۔ شاداب خان مختصر فارمیٹ کے پہلے ہی میچ میں تین وکٹیں حاصل کرنے والے پانچویں پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ کارنامہ عبدالرزاق، منصور امجد، محمد سمیع اور ذوالفقار بابر نے سر انجام دیا تھا۔ ان کی 17گیندوں پر کوئی رن نہیں بن سکا۔ شادب کی گیند پر کامران اکمل نے ایک کیچ بھی ڈراپ کیا۔ بارباڈوس ٹی ٹوئینٹی میں مین آف دی میچ ایوراڈ حاصل کرنے والے شاداب خان کہتے ہیں کہ وہ پر امید ہیں کہ آئندہ بھی ایسی کارکردگی دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بولنگ کنڈیشنز بالکل پاکستان سپر لیگ جیسی ہی تھیں ، جس سے کافی مدد ملی ۔ پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیریز کا پہلا میچ بہت اہم ہوتا ہے اور میچ جیتنے پر ہم خدا کے شکرگزار ہیں۔فتح کا کریڈٹ بولروں کو دوں گاجنہوں نے جیت کی بنیاد رکھی۔ نوجوان لیگ اسپنر شاداب کا پہلا میچ تھا اور اس میں اس کی بولنگ کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ یہ شاداب اور اس کے اہل خانہ کیلئے بہت بڑا دن ہے کیونکہ آج وہ پاکستان کیلئے کھیلا اور پہلے ہی میچ میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتا۔ یہ اس کے کیریئر کیلئے نیک شگون ہے کہ اس نے اپنی باؤلنگ سے پاکستان کو میچ جتوایا اور امید ہے کہ وہ مستقبل میں مزید بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے بہت آگے جائے گا۔ سرفراز احمد نے کہا کہ شاداب خان مستقبل کے اسٹار ہیں۔18 سالہ شاداب نے اتوار کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والے سیریز کے افتتاحی ٹی20 میچ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف سات رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا۔ ویسٹ انڈیز نے میچ میں پاکستان کو صرف 112 رنز کا ہدف دیا جو گرین شرٹس نے چار وکٹ کے نقصان پر حاصل کر کے چار ٹی20 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی20 میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔
تازہ ترین