• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحت انصاف سکیم ، ڈاکٹروں کے مناسب شیئر کیلئے حکمت عملی بنانے کی ہدایت

پشاور(جنرل رپورٹر)خیبرپختونخواکے وزیر صحت شہرام تراکئی نےصحت انصاف کارڈ سکیم کے تحت ہسپتالوں کو ملنے والی رقم میں سے ڈاکٹروں کیلئے بھی مناسب شیئر ز مختص کرنے کیلئے حکمت عملی وضع کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تدریسی ہسپتالوں میں صحت انصاف کارڈ سکیم کے تحت مریضوں کو مفت علاج معالجے کی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایاجائے اور اس سلسلے میں درپیش انتظامی مسائل کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ اس منصوبے کوہر قیمت پر کامیاب بنایا جائے گا اور ہسپتالوں کی طرف سے اس سکیم پر عمل درآمد کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی،وہ ہیلتھ سیکرٹریٹ پشاور میں صوبے کے تمام تدریسی ہسپتالوں میں صحت انصاف کارڈ کے تحت مریضوں کو مفت علاج کی فراہمی کے عمل کو مذید بہتر بنانے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ سیکرٹری صحت اور پراجیکٹ ڈائریکٹر صحت انصاف کارڈ سکیم کے علاوہ صوبے کے تمام خود مختار تدریسی ہسپتالوں اور اسٹیٹ لائف انشورنس آف پاکستان کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کو ہدایت کی گئی کہ وہ تمام تدریسی ہسپتالوں میںصحت انصاف کارڈ ز سکیم کے لئے قائم اپنے کاونٹرز کو ایک مکمل سیل میں تبدیل کرکے وہاں پر تین شفٹوں میں عملے کی چوبیس گھنٹے موجودگی کو یقینی بنائیں اور اس عملے کیلئے ایک ہفتے کے اندر اندر صحت کارڈ کے علامتی نشان والے جیکٹس کی فراہمی کو یقینی بنائیں تا کہ ہسپتالوں میں علاج کی عرض سے کرنے والے مریضوں اور اُن کے لواحقین کو پہنچانے میں آسانی ہو۔ اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ وہ صحت کارڈ والے مریضوں کی علاج معالجے کی مد  میں بننے والے ہسپتالوں کے بلوں کی بروقت ادائیگی کے لئے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صحت کارڈز کی سکیم کے حوالے سے تدریسی ہسپتالوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ہر مہینے کے پہلے ہفتے میں سینئر وزیر صحت کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں مفت علاج معالجے کی فراہمی کے سلسلے میں تدریسی ہسپتالوں کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے بھی اقدامات اُٹھائے جائینگے۔
تازہ ترین