• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹماٹر اور مرغی کے دام بدستور بے لگام شہباز شریف کی قیمت کم کرنیکی ہدایت

لاہور(اکنا مک رپورٹر)پرائس کنٹرول کمیٹی کے گزشتہ روز ہونیوالے ایک اجلاس میں مرغی اور ٹماٹر کی قیمت نہ کم ہو سکی اور شہریوں کو مہنگے داموں ان اشیاء کی خریداری کرنا پڑی۔ مرغی کے گوشت میں گزشتہ تین روز میں سات روپے کا اضافہ ہوا اور یہ ریٹ بڑھ کر 264روپے کلو ہو گیا جبکہ ٹماٹر 100سے 160روپے فی کلو تک فروخت ہوابعض علاقوں میں ٹماٹر 200روپے کلو بھی فروخت ہوتے رہے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو فوری طور پر ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عوام کی سہولت کیلئے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مناسب سطح پر لانے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے اور کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول مارکیٹوں اور بازاروں کے دورے کرکے اشیائے ضروریہ کے نرخوں کا جائزہ لے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو کسی بھی صورت ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔آڑھتیوں کا کہنا ہے کہ مقامی منڈی میں ٹماٹر نہ آنے کے باعث قیمتیں بڑھیں ہیں جبکہ وزیر صنعت شیخ علائوالدین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایک ماہ کیلئے ٹماٹر کی خریداری بند کر دیں،سپلائی بڑھنے سے قیمتیں خود بخود نیچے آ جائیں گی۔پولٹری ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بتایا کہ قیمتوں میں اضافہ کی وجہ ماضی قریب میں پیداواری عمل میں شریک افراد اور تاجروں کو وسیع پیمانہ پر خسارہ کا سامنا کرنا پڑاجس کے نتیجہ میں رسد میں کمی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں صورتحال بہتر ہو جائیگی۔پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد نے پھلوں اور سبزیوں کے نرخوں میں کمی کرنے کا فارمولا پیش کیا ہے ،جس میں کہا گیا ہے کہ پراسیسنگ پلانٹ اور کولڈسٹور یج نہ ہونے کی وجہ سے سالانہ 100ارب روپے کے پھل ضائع ہورہے ہیں زرعی ان پٹس پر سبسڈی کو یقینی بنایا جائے، پھلوں کو برآمد کرنے کے لئے ریڈیشن پلانٹ لگانے سے پھل بڑے پیمانے پر برآمد ہوتا تو کسان ملک میں اپنے پھل کم نرخ پر ہی فروخت کردیتا ،انہوں نے کہاکہ 50ارب روپے کی گندم گوداموں میں پڑی خراب ہورہی ہے اسے فروخت کرنے کا فوری انتظام کیا جائے ،آئندہ بجٹ میں زرعی اجناس کی قیمت کم کرنے کے لئے اس طرح کی حکمت عملی بنائی جائے کہ کسان کو معقول معاوضہ مل جائے ۔انہوں نے کہا اگر حکومت نے ترجیحات تبدیل نہ کیں تو پھر مہنگائی کا طوفان جنم لے گا۔
تازہ ترین