• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ شماریات کا مرد م شماری کے اعداد و شمار تصدیق نہ کرانےکا فیصلہ،صرف مشکوک افراد کا ڈیٹا نادرا بھیجا جائے گا

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) محکمہ شماریات نے مردم شماری کا تمام تر ڈیٹا نادرا سے تصدیق کرانے سے صاف انکار کردیا ہے اور محض مشکوک افراد کا ڈیٹا نادرا کو بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ گھر شماری میں مبینہ طور پر ہونے والی بے ترتیب خانہ شماری کا ریکارڈ بھی نادرا کو بھیج کر انکوائری کرائی جائے گی دوسری جانب شماریات ڈپارٹمنٹ اور نادرا کے درمیان مردم شماری ڈیٹا کی تصدیق کے حوالے سے بجٹ پر معاملات طول پکڑتے جارہے ہیں۔ ”جنگ“ کے رابطہ کرنے پر ترجمان شماریات حبیب اللہ خٹک نے بتایا کہ ابھی تک نادرا سے مذاکرات چل رہے ہیں‘ مکمل ڈیٹا کی تصدیق کے بجائے بے ترتیب اور رہ جانے والے ڈیٹا کے متعلق تصدیق کرائی جائے گی‘ مردم شماری میں ہر فرد کا ڈیٹا لیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے دیگر شہروں و اضلاع کی طرح ضلع حیدرآباد میں بھی چھٹی مردم شماری کا پہلا مرحلہ بروز منگل کو اختتام پذیر ہورہا ہے‘ اس ضمن میں عوام کی جانب سے شکایات موصول ہورہی ہیں کہ گھر شماری اور مردم شماری کے پہلے مرحلے میں ان کا اندراج نہیں کیا گیا دوسری جانب محکمہ شماریات کی جانب سے منتخب شمار کنندگان کی جانب سے ایک ہی علاقے میں اگر آمنے سامنے متعدد اپارٹمنٹس ہیں تو ان میں سے متعدد کا اندراج اور مردم شماری میں بھی مذکورہ اپارٹمنٹس میں رہائش پذیر افراد کا ڈیٹا نہ لینے کی شکایات ہیں جس کے بعد عوام نے مردم شماری کے شفاف ہوجانے کے حکومتی دعووں کو مسترد کردیا ہے دوسری جانب مرکزی حکومت نے مردم شماری اور گھر شماری کے لئے 6 بلین رقم مختص کی تھی جس میں فیلڈ اسٹاف کی تنخواہ‘ گاڑیوں کے کرایے اور دیگر اخراجات شامل ہیں جبکہ نادرا کی جانب سے ڈیٹا کی تصدیق کے اخراجات بھی مذکورہ رقم میں شامل ہیں‘ گھر اور مردم شماری پر تو عوام کو تحفظات ہیں ہی لیکن شماریات اور نادرا حکام کے درمیان شناختی کارڈز کی تصدیق کے لئے بجٹ پر معاملات حل ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے ہیں اور اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ تمام شناختی کارڈ کے بجائے محض مشکوک افراد کا ڈیٹا تصدیق کرایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق شماریات ڈپارٹمنٹ کے 2 سے زائد مرتبہ مذکورہ معاملے پر مذاکرات ہوچکے ہیں لیکن معاملات جوں کے توں برقرار ہیں۔ ”جنگ“ کے رابطہ کرنے پر محکمہ شماریات کے ترجمان حبیب اللہ خٹک نے کہا کہ شمار کنندگان کی جانب سے وصول شدہ گھر اور مردم شماری کا ڈیٹا نادرا سے تصدیق کرایا جائے گا اس ضمن میں مذاکرات چل رہے ہیں
تازہ ترین