• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متحدہ قومی موومنٹ ہماری نسلوں کی امانت ہے،راشد خلجی

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ ہماری نسلوں کی امانت ہے اورہم اسکے امین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد کے ڈسٹرکٹ آرگنائزر و ایم پی اے راشد خلجی نے لطیف آباد میں منعقدہ حق پرست بلدیاتی نمائندوں اور ایم کیوایم کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جوائنٹ انچارجز واراکین، حق پرست رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین، اراکین صوبائی اسمبلی دلاور قریشی ایڈووکیٹ، صابر حسین قائم خانی اور حق پرست میئر حیدرآباد سید طیب حسین سمیت سیکٹرزویونٹس اور بلدیاتی نمائندوں نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔  انہوں نے کہا کہ نعروں سے حقوق حاصل نہیں ہوتے بلکہ انکے لئے عملی جدوجہد کرنا پڑتی ہے اور ایم کیوایم کی عملی جدوجہد دنیا کے سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے اور ایم کیوایم کے کارکنان مردم شماری میں بھر پور حصہ لیں تاکہ انکے حقوق پر کوئی ڈاکہ نہ ڈال سکے۔ اجلاس سے حق پرست رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لندن کے درباریوں نے اپنے مفاد کےلئے تحریک کو نقصان پہنچایا مگر ہم اس تحریک کو ختم یا تباہ نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ چند مفاد پرست لوگوں نے تحریک کا سودا کردیا ہے اور یہ سوداگر ہمیں غدار کہے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کہ ہم کل بھی نظریئے حق پرستی کے وفادار تھے اور آج بھی ہیں اور اپنی اس نظریاتی ٹرین کو رکنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مظلوم قوم کی خوشحالی وترقی ایم کیوایم کا وژن تھی اور آج بھی ایم کیوایم اپنے ویژن پر عمل پیرا ہے۔ اجلاس سے حق پر ایم پی اے صابر حسین قائم خانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صاف شفاف مردم شماری ہماری قوم کی بقاءاور آنے والی نسلوں کے بہترمستقبل کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نمائندے اور ایم کیوایم کے کارکنان مردم شماری مہم میں عوام کو آگہی فراہم کریں تاکہ وسائل کی تقسیم میں کوئی جاگیردار، وڈیرہ، ہمارا حق نہ کھا سکے۔ اجلاس سے حق پرست ایم پی اے دلاور قریشی ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قانون اورآئین کی باتیں ہمارے ملک میں بہت ہوتی ہیں مگر قانون اور آئین پر عمل ہوتا نہیں ہے اس کی مثال ہمارے شہریوں میں رائج بے اختیار بلدیاتی نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اسکا حق حکمران دیں ورنہ انکا احتساب بہت جلد ہوگا۔
تازہ ترین