• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی حیدرآباد آمد، سخت سیکورٹی انتظامات کمانڈوز سمیت 1300سے زائد پولیس اورٹریفک اہلکار تعینات

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف کی حیدرآباد آمد کے موقع پر سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے، پولیس کمانڈوز سمیت 13سو سے زائد پولیس اورٹریفک اہلکار تعینات کیے گئے تھے، اولڈ سٹی ایریا میں متعدد اہم سٹرکیں خاردار تاریں لگاکر بند کردی گئیں، قاسم آباد میں وزیراعظم کی آمد پر بھی تمام راستے بند کردیئے گئے جسکے باعث شہر بھرمیں بدترین ٹریفک جام کاسلسلہ دن بھر جاری رہا۔ پولیس کی جانب سے وزیراعظم کی آمد پر ٹریفک پلان ان کی آمد سے صرف چند گھنٹے قبل جاری رہا جس کے باعث بیشتر شہری سڑکوں کی بندش سے لاعلم رہے۔وزیراعظم کی سہ پہر کنٹونمنٹ ایریا میں واقع لیگی رہنما راحیلہ مگسی کی رہائش گاہ پہنچے تو گل سینٹر چوک، نیشنل بینک ہیڈآفس، ایس پی چوک، حیدرچوک، حیدرآباد پریس کلب،بسنت ہال، چاندنی موبائل مارکیٹ، گیریژن بیکری تک سڑکوں کو خاردار تاریں لگاکر بندکردیا گیا جس کی وجہ سے لطیف آباد سے اولڈ سٹی ایریا( شہر) آنے اورجانے والی ٹریفک شدید متاثرہوئی سڑکوں اور گلیوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا ۔ وزیراعظم کی قاسم آباد روانگی کے باعث کنٹو نمنٹ ایریا کی تمام سڑکیں، قاسم چوک، جامشوروڈ، گھوڑا گراؤنڈ کی بندش سے قاسم آباد، جامشورو روڈ پر دن بھر بدترین ٹریفک جام کاسلسلہ جاری رہا۔ وزیر اعظم کی سیکورٹی کیلئے 250پولیس کمانڈوز،9سو پولیس اہلکار اور سو سے زائد ٹریفک پولیس کے اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔
تازہ ترین