• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، پولیس اہلکار بے لگام، بس نہ روکنے پر فائرنگ، 3مسافر زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)  شہر قائد  میں پولیس  اہلکار بے لگام ہوگئے اور کوچ نہ روکنے پر فائرنگ کرکے 3 مسافر زخمی کردیے۔ فائرنگ میں ملوث پولیس اہلکار گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ناظم آباد تھانے کی حدود ناظم آبادنمبر 2عید گاہ گراؤنڈ کے قریب اسنیپ چیکنگ پر مامور پولیس اہلکاروں نے اورنگی ٹاؤن سے لانڈھی جانے والی بلال کوچ نمبر PE-5934کو  رکنے کا اشارہ کیا۔ ڈرائیور نےکوچ  روکنے کی  بجائے رفتار تیز کرکے بچنے کی کوشش کی تو اسنیپ چیکنگ پر مامور پولیس اہلکار  نے بس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کوچ میں سوار تین مسافر زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور امدادی ٹیموں کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے اور زخمی مسافروں کو ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں ان کی شناخت 30 سالہ مہتاب ولد زرولی، 22 سالہ گولانو ولد نور خطاب اور 24 سالہ محمد عمیر ولد محمد شمیم کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق  فائرنگ نامعلوم افراد نے کی ہے جس کے نتیجے میں3 افراد زخمی ہوئے  جبکہ ذرائع  کا کہنا  ہے کہ پولیس کے ایک سینئر افسر نے پولیس اہلکاروں کو بچانے کیلئے من گھڑت بات کی ہے کہ بس میں کوئی دھماکہ خیز مواد پھٹا تھا جس کی تصدیق کیلئے فرانزک  کے عملے کو طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسافر کوچ اورنگی ٹاؤن سے مسافروں کو لے کر جارہی تھی،اور کوچ جب  مذکورہ مقام پر پہنچی تو پولیس اہلکاروں نےمبینہ بھتہ وصولی کیلئےرکنے کا اشارہ کیا جس پر ڈرائیور نےکوچ  کی رفتار بڑھائی تو اہلکاروں کو غصہ آگیا اور انہوں نے بس پر فائرنگ کردی۔  اس موقع پر پولیس نے کوچ  ڈرائیور خالد کو حراست میں لے لیا۔ ڈرائیور خالد کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نےاسے رکنے کا اشارہ کیا تو آگے ٹریلرجا رہا تھاجس کواوور ٹیک کرنے کیلئے اسپیڈ بڑھائی تو پولیس اہلکاروں نے کوچ پر اندھا دھند فائرنگ کردی، میں فوری موقع سے فرار ہوکر اورنگی ٹاؤن میں واقع کے اڈے پر پہنچ گیا جس کے بعد پولیس نے مجھےحراست میں لے لیا اور بعدازاں رہا کردیا۔ دریں اثنا اس سلسلے میں ایس ایچ او ناظم آباد اور ایس ایس پی وسطی سے موبائل فون پر متعددبار رابطے کی کوشش کی لیکن دونوں نے روایتی طور پر فون کا جواب نہیں دیا جبکہ تھانے میں موجود ڈیوٹی افسر نے بھی واقعہ سے لاعلمی ظاہر کی۔ دریں اثناء فائرنگ میں ملوث پولیس اہلکار کو دوران تفتیش ڈی ایس پی نے تھپڑ مارا اور کہا کہ تم جیسے لوگوں کی وجہ سے ہی پولیس بدنام ہے۔ پولیس نے اپنے پیٹی بند بھائی کیخلاف  ناظم آباد تھانے میں مقدمہ نمبر 96/17درج کرلیا۔
تازہ ترین