• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اسمبلی میں ایکٹ2014 میں ترامیم کی منظوری، بانی متحدہ سے موسوم یونیورسٹیوں کے نام تبدیل

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی نے پیر کو الطاف حسین یونیورسٹی حیدر آباد ایکٹ 2014 اور الطاف حسین یونیورسٹی کراچی ایکٹ 2014 میں ترامیم کی علیحدہ علیحدہ متفقہ طور پر منظوری دے دی۔ اب حیدر آباد کی اس یونیورسٹی کو محترمہ فاطمہ جناح اور کراچی کی یونیورسٹی کو مولانا عبدالستار ایدھی سے موسوم کر دیا ہے۔ جبکہ سندھ کے وزیر پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے پیر کو سند ھ اسمبلی میں سندھ ریونیو بورڈ ایکٹ 2010 ء، جیکب آباد انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ایکٹ 2013 ، صوبے میں فضائی یا سمندری راستے سے لانے اور لے جانیوالی اشیاء پر سیس کے نفاذ سے متعلق قانون، سندھ کول اتھارٹی ایکٹ 1993 ء اور سندھ شہید ریکگنیشن اینڈ کمپنسیشن ایکٹ 2014 میں ترامیم سے متعلق مسودہ قوانین ایوان نے غور کے لیے متعارف کرا دیئے۔ وزیر پارلیمانی امور نے اسپیکر آغا سراج درانی سے استدعا کی کہ ان مسودہ قوانین پر غورو خوص بدھ تک موخر کر دیا جائے۔ کارروائی کے دوران اسپیکر آغا سراج درانی نے ایوان کو مطلع کیا کہ گورنر سندھ نے اتحاد یونیورسٹی بل 2017 ، سندھ آرمز (ترمیمی) 2017 ، سندھ پروہیبیشن آف ایمپلائمنٹ آف چلڈرن بل 2017 ، کوڈ آف کرمنل پروسیجر (سندھ ترمیمی) 2015 ، سندھ پیمنٹ آف ویجز بل 2015 اور سندھ پروہیبیشن، کارکورل پنشمنٹ بل 2016 کی توثیق کر دی ہے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر پیر کے روز اسپیکر آغا سراج درانی نے رواں سیشن کے لیے چار ارکان پر مشتمل پینل آف چیئرمین کا اعلان کیا ، جس میں سید مراد علی شاہ ، ڈاکٹر سہراب سرکی ، سید سردار احمد اور نصرت سحر عباسی شامل ہیں۔ ایوان کی کارروائی کے دوران وزیر پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم نے بڑے فخریہ انداز میں کہا تھا کہ میں برطانوی شہری ہوں، انہوں نے اپنا برطانوی پاسپورٹ بھی بڑے فخر کے ساتھ میڈیا کے سامنے دکھایا تھا۔ اس کے باوجود ان کے نام پر دو جامعات کو منسوب کیا گیا لیکن وہ شخص اس دھرتی اور ملک سے وفا نہیں کر سکا اور اب اس کی اپنی پارٹی نے بھی اس کا ساتھ چھوڑ دیا ہے۔ تو پھر یہ کس طرح ممکن ہے کہ اس کے نام پر کوئی ادارہ موجود ہو۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی فیصل علی سبزواری نے کہا کہ وطن عزیز کی حرمت پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتی۔ جن یونیورسٹیز کے نام تبدیل کئے گئے ہیں، وہ پرائیویٹ یونیورسٹیاں ہیں۔ حکومت سندھ کو چاہئے کہ وہ حیدر آباد میں سرکاری یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرے۔ مسلم لیگ (فنکشنل) کی خاتون رکن مہتاب اکبر راشدی نے دونوں یونیورسٹیوں سےبانی ایم کیو ایم کا نام مٹانے اور نام تبدیل کرنے کے اقدام کو قابل تحسین قرار دیا۔ پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان نے کہا کہ پی ٹی آئی اس معاملے پر سندھ حکومت کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ہمارا یہ عزم اور مطالبہ ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ معاشی دہشت گردوں کو بھی ختم کیا جائے۔ بعد ازاں کراچی اور حیدر آباد کی ان پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے ناموں کی تبدیلی سے متعلق ایوان نے متفقہ طور پر منظوری دے دی۔
تازہ ترین