• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ہے، سی پیک سے دونوں ملکوں کے درمیان انفرااسٹرکچر شعبوں میں تعاون بڑھے گا، چینی سفیر

 اسلام آباد(صباح نیوز)چینی سفیر سن وی ڈونگ نے پاکستان کو تیزی سے ترقی کرنے والا ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان انفرا اسٹرکچر شعبوں میں تعاون بڑھے گا،جبکہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمشرف کے مارشل لا کے بعد ملک کو بغیر منصوبہ بندی کے چلایا گیا، سی پیک کے ذریعے معاشی اور علمی انقلاب آئے گا ، تحقیق سے معیاری ترقی کا فروغ ممکن ہو گا ، مشرف کے مارشل لا کے بعد ملک کو بغیر منصوبہ بندی کے چلایا گیا ۔سی پیک سینٹر فار ایکسیلینس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر سن وی ڈونگ نے کہا کہ سی پیک منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا مظہر ہے جس کے تحت توانائی سمیت انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔چینی سفیر نے کہا کہ عالمی اداروں کے مطابق پاکستان دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ہے سی پیک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے سن وی ڈونگ نے کہا کہ تاریخی منصوبے سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں بجلی کی طلب 33ہزار میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی پیداوار 22ہزار میگاواٹ ہے گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی سی پیک فریم ورک کے تحت پیدا کی جائے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے معاشی اور علمی انقلاب آئے گا ریسرچ سینٹر میں ہونے والی تحقیق سے معیاری ترقی کا فروغ ممکن ہو گا جس سے پائیدار ترقی کو فروغ ملے گا۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چار سال پہلے پاکستان کو عراق اور افغانستان سے خطر ناک ملک قرار دیا گیا تھا کوئی غیر ملکی پاکستان میں ایک ڈالر سرمایہ کاری پر تیار نہیں تھا تاہم سی پیک منصوبے کے بعد پاکستان میں حالات میں بہتری آئی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سی پیک فریم ورک کے تحت 2018میں لوڈ شیڈنگ ختم کر دی جا ئے گی۔
تازہ ترین