• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلے پاکستان امن قائم کرے پھر ہم مذاکرات کی بات کریں گے، بھارتی ہائی کمشنر

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)پاکستان میں متعین بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبانوالہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں کی جانب سے مذاکرات کو مشروط کیا جاتا ہے لیکن بھارت کا کہنا صرف اتنا ہے کہ مذاکرات توپوں کی گرج میں نہیں ہوسکتے پہلے پاکستان امن قائم کرے پھر ہم مذاکرات کی بات کریں گے یہ ہماری شرط نہیں زمینی حقائق کے پیش نظر ایک اصولی مطالبہ ہے جس سے کو ئی انحراف نہیں کرسکتا،  پیر کی شب بنگلہ دیش کے قومی دن کی تقریب میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط ایک ماہر سفارتکار ہیں انہوں نے دہلی میں قیام کے دوران ایک پروفیشنل سفارتکار کی حثیت سے اپنی سفارتی ذمہ داریاں بطریق احسن انجام دی ہیں تاہم اب وہ دہلی میں اپنی سفارتی مدت کا دورانیہ مکمل کر چکے ہیں،بنگلہ دیش کے 46ویں قومی دن کی تقریب کے مہمان خصوصی  وزیر مملکت بلیغ الرحمان تھے، تقریب کے آغاز میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے قومی ترانے بجائے گئے اور  کیک کاٹا گیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر طارق امن نےپاک بنگلہ دیش تعلقات کے حوالے سے اظہار خیال کیا اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں ہونے والی ترقی پر بھی مسرت کا اظہار کیا ۔تقریب میں  فرحت اللہ بابر ،ناہید خان،صفدر عباسی،  ملک ابرار سمیت متعدد سیاسی رہنمائوں اور غیر ملکی سفیروں نےشرکت کی۔
تازہ ترین