• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیرملکیوں کوویزوں کااجراء،وزیرداخلہ کا نادراکومرکزی ڈیجیٹل ڈیٹابنک قائم کرنیکاحکم

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)دنیابھرمیں پاکستانی سفارتخانوں سےغیرملکیوں کوویزوں کے اجرا کیلئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نادراکومرکزی ڈیجیٹل ڈیٹابنک قائم کرنےکاحکم دے دیاہے اس سےنہ صرف  پاکستان کاسفر کرنےوالے غیرملکیوں کو آن لائن ویزاکی سہولت حاصل ہوگی بلکہ نظام میں شفافیت بھی آئے گی۔نادرا   اراضی خریدنے کیلئے صوبائی حکومتوں سے رابطہ کرے، وزارت داخلہ کےایئر ونگ کیلئے منصوبہ تیار کیا جائے، وزیر داخلہ کی صدارت پیر کو اعلیٰ سطحی اجلاس  میں سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈائریکٹر جنرل ایئر ونگ اور وزارت داخلہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ سینٹرل ڈیجیٹل بنک اور ویزوں کے اجراء کے میکنزم سے پاکستان آنیوالے غیر ملکیوں پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہاکہ سارے عمل کومزید شفاف بنانے کی ضرورت ہے۔وزیرداخلہ نے کہاکہ گزشتہ تین سال کے دوران کسی بھی غیر ملکی کی دستاویزات کے بغیر پاکستان میں داخل نہ ہونےکاعمل یقینی بنانے کیلئےکافی کچھ کیا گیاہے۔دستاویزات پر ویزا ایشو کرنے کیلئے ضروری تصدیق کی جانی چاہئے۔انہوں نے نادراکوویزوں کے اجراء کے لئے آن لائن سسٹم بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ کسی بھی قسم کی بے قاعدگی کے لئے کوئی جگہ نہیں۔اجلاس میں 2017ء کے بعدوزارت داخلہ کے ایئر ونگ کے مستقبل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔چوہدری نثارنے کہا کہ وزارت داخلہ کاایئر ونگ پاک افغان بارڈر بالخصوص بلوچستان سے ملحقہ حساس علاقوں میں دہشتگردی کے خلاف جنگ،انتہاء پسندی اور منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیوں کیلئے ہے۔2017ء کے بعدسکیورٹی اداروں کومعاونت فراہم کرنے کیلئے ایئر ونگ کے تسلسل کیلئے منصوبہ تیار کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے نادرا کی عمارتیں کرایہ پر حاصل کرنے پرپابندی عائد کرتے ہوئے نادرا دفاتر کیلئے کمرشل ریٹس پر جگہ حاصل نہ کرنے اورنادراکے میگاسینٹرز سمیت پاکستان بھر میں مراکز کی تزئین و آرائش کے لئے پرائیویٹ کنٹریکٹرز کودیئے گئے ریٹس پر نظرثانی کی ہدایت کی اوراس ضمن میں تجاویز پیش کرنے کے لئے ایک ہفتہ کی مہلت دی۔انہوں نے کہا کہ نادرا گورنمنٹ ریٹس پر اپنے دفاتر کے لئے اراضی کی خرید کے سلسلے میں صوبائی حکومتوں سے رابطہ کرے ۔انہوں نے کہا کہ کرایہ پرحاصل کی جانےوالی عمارتوں اورزمین کی خریداری میں کیجانے والی مالی بے ضابطگیوں کے پیش نظرناگزیرہے کہ آئندہ ایسی غلطیوں کا ارتکاب نہ کیا جائے۔ وزیر داخلہ کی ہدایت پر نادراکی طرف سے قائم سافٹ ویئرکمپنی نیشنل ٹیکنالوجی لمیٹڈبھی بندکر دی گئی۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ کمپنی مالی بے ضابطگیوں کاذریعہ تھی اور مالی خورد برد کے باعث اسے بند کیا گیا۔ کمپنی بندش کے باوجود نادرا کے وعدے متاثر نہیں ہوں گے۔
تازہ ترین